آر بی آئی کی کارروائی کے بعد دو کوآپریٹیو بینکوں پر لگا تالا، متعدد لوگوں کی رقم ڈوب گئی!

ریزرو بینک نے دو کوآپریٹو بینکوں کا لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی بینک کے اس فیصلے کے بعد دونوں کوآپریٹو بینکوں کا آپریشن مکمل طور پر معطل ہو گیا ہے

آر بی آئی، ریزرو بینک آف انڈیا / تصویر آئی اے این ایس
آر بی آئی، ریزرو بینک آف انڈیا / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی بینک آر بی آئی (آر بی آئی) نے دو کوآپریٹو بینکوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ آر بی آئی صارفین کے تحفظ کے پیش نظر متعدد بینکوں کے طریقہ کار پر نظر رکھتا ہے اور خامی پائے جانے پر کارروائی کرتا ہے۔

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے منگل کو دو الگ الگ بیانات میں کہا کہ دو کوآپریٹو بینکوں کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ بند ہونے والے بینک کرناٹک کے تمکور میں واقع شری شاردا مہیلا سہکاری بینک اور مہاراشٹر میں ستارا میں ہری ہریشور بینک ہیں۔ ریزرو بینک کا کہنا ہے کہ دونوں بینکوں کے پاس کام جاری رکھنے کے لیے ضرورت کے مطابق سرمایہ نہیں تھا۔ اس کے علاوہ دونوں بینکوں کے لیے کمائی کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔ ایسے حالات میں ان کے لائسنس منسوخ کرنا ضروری تھا۔


آر بی آئی نے کہا کہ ہری ہریشور کوآپریٹیو بینک کے کاروبار کو بند کرنے کا حکم 11 جولائی 2023 سے نافذ ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ بینکوں میں صارفین کی 5 لاکھ روپے تک کی جمع رقم محفوظ ہے، کیونکہ ڈپازٹ انشورنس اور کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن کے پاس اس رقم کا بیمہ ہے۔ جن کی جمع رقم 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے، ان کی اس حد سے زیادہ رقم ضائع ہو جاتی ہے!

ریزرو بینک کے مطابق، ہری ہریشور سہکاری بینک کے 99.96 فیصد جمع کنندگان کو ان کی کل رقم ڈی آئی سی جی سی سے ملے گی۔ اس بینک کے صارفین نے 8 مارچ 2023 تک ڈی آئی سی جی سی سے 57.24 کروڑ روپے وصول کیے ہیں۔ دوسری طرف، شری شاردا مہیلا سہکاری بینک کے معاملے میں، تقریباً 97.82 فیصد جمع کنندگان کو ڈی آئی سی جی سی سے مکمل رقم کی واپسی ملے گی۔ ڈی آئی سی جی سی نے 12 جون 2023 تک اس بینک کے صارفین کو 15.06 کروڑ روپے واپس کر دیئے ہیں۔


ریزرو بینک نے کہا ہے کہ لائسنس کی منسوخی کے بعد دونوں بینکوں پر بینکنگ سے متعلق تمام سرگرمیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ بینک اب صارفین سے کسی قسم کے ڈپازٹ نہیں لے سکتے۔ ریزرو بینک نے کوآپریٹیو کمشنر اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار سے بھی کہا ہے کہ وہ متعلقہ بینکوں کے کام کو روکنے کا حکم جاری کریں۔ اس کے ساتھ ہی کمشنر کو بینکوں کے لیے لیکویڈیٹر مقرر کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔