عام بجٹ میں اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کا کوئی التزام نہیں: عام آدمی پارٹی

عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو پیش کئے گئے عام بجٹ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی اہم اقتصادی چیلنج کا سامنا کرنے کا کوئی التزام نہیں کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے جمعہ کو پیش کئے گئے عام بجٹ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی اہم اقتصادی چیلنج کا سامنا کرنے کا کوئی التزام نہیں کیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے ترجمان راگھو چڈا نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہر ایک بجٹ میں ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کا اندازہ کئے جانے کی ضرورت ہونی چاہئے۔ ہم اس وقت چار بڑے چیلنجوں کا سامنا کررہے ہیں۔ کیا بجٹ میں ان میں سے کسی سے نپٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ بے روزگاری، زرعی بحران، صارفین اشیا کی کھپت میں کمی اور نجی سرمایہ کاری میں کمی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔


عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہاکہ بجٹ میں خواتین کی سیکورٹی پر کوئی التزام نہیں دیا گیا ہے۔ سنگھ نے بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کئی ٹوئٹ کئے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر سٹی زن، خواتین اور تنخواہ داروں کو اس بجٹ سے بری طرح مایوسی ہوئی ہے۔ حکومت نوجوانوں کے لئے روزگار، کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے اور مختلف طبقات کے لئے ٹیکس میں چھوٹ جیسے امورپر خاموش ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سشیل گپتا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ اس بجٹ سے ایک چیز تو واضح ہے کہ اس ملک کے خردہ کاروبار کو بڑے گھرانوں سے جڑے لوگ چلائیں گے اور خردہ کاروباریوں کو گھر بیٹھنے پر مجبور کردیا جائے گا۔ گپتا نے کہا کہ خواتین کو ملک کی پہلی کل وقتی خاتون وزیر خزانہ سے بڑی امیدیں تھیں لیکن ان کے ہاتھ مایوسی لگی ہے۔


عام آدمی پارٹی کے قومی خزانچی نارائن داس گپتا نے کہاکہ ملک کی درامد اضافہ ہورہا ہے جبکہ برامد میں کمی آرہی ہے۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ ملک کی معیشت پانچ ٹرلین ڈالر کی ہوجائے گی جو محض ایک نمبر ہے۔ حکومت لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔ بجٹ میں روزگار بڑھانے کا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔