شیئر مارکیٹ میں آئی آندھی نے دو ہفتوں میں اڑا دیے ٹاٹا-امبانی کے 17 لاکھ کروڑ روپے!

سنسیکس میں 800 سے زیادہ پوائنٹس کی گرافٹ آ چکی ہے اور نفٹی میں 250 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے، لگاتار چھٹے دن شیئر مارکیٹ میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔

شیئر مارکیٹ
شیئر مارکیٹ
user

قومی آوازبیورو

شیئر بازار کی آندھی میں صرف اسمال یا مڈل اسٹاک ہی نہیں بلکہ مضبوط اور بڑے شیئر بھی ہوا میں اڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ اکتوبر ماہ میں بازار کی جان کہے جانے والے ریلائنس اور ٹی سی ایس کے شیئرس میں 5 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھنے کو مل چکی ہے۔ حال یہ ہے کہ دو گھنٹے کے کاروباری سیشن کے دوران بی ایس ای کا مارکیٹ کیپ یعنی سرمایہ کاروں کو 4.73 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے، اور گزشتہ دو ہفتوں کی بات کی جائے تو 17 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ڈوب چکے ہیں۔

اگر بات آج کی کریں تو سنسیکس میں 800 سے زیادہ پوائنٹس کی گراوٹ آ چکی ہے اور نفٹی میں 250 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ یہ لگاتار چھٹا دن ہے جب بازار میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ کئی لوگ حیران ہیں کہ آخر شیئر بازار میں اس طرح کی گراوٹ کیوں دکھائی دے رہی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ عالمی حالات ہیں۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان شروع ہوئی جنگ نے پوری دنیا میں مختلف شعبوں کو نقصان پہنچایا ہے اور اسی کا اثر شیئر مارکیٹ پر بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالانکہ شیئر مارکیٹ ڈاؤن ہونے کی کچھ دیگر وجوہات بھی ہیں۔


بہرحال، شیئر بازار میں لگاتار چھٹے دن گراوٹ نے سرمایہ کاروں کو پریشان کر دیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق بامبے اسٹاک ایکسچینج کا اہم انڈیکس سنسیکس 812.94 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ 63236.12 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا ہے۔ کاروباری سیشن کے دوران 63119.21 پوائنٹس کے دن کے لووَر لیول پر پہنچ گیا۔ اگر بات گزشتہ دو ہفتوں کی کریں تو سنسیکس میں 5.04 فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو مل چکی ہے۔ 11 اکتوبر کو سنسیکس 66473.05 پوائنٹس پر بند ہوا تھا اور اس کے بعد سے ہی حالات دگر گوں ہیں۔

دوسری طرف نفٹی کی بات کریں تو نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا اہم انڈیکس 23.7.60 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 18884.5 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا ہے۔ کاروباری سیشن کے دوران نفٹی 18849.15 پر بھی گیا۔ گزشتہ دو ہفتوں میں نفٹی میں 4.85 فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو مل چکی ہے۔ 11 اکتوبر کو نفٹی 19811.35 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ تب سے نفٹی میں تقریباً 1000 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے کو مل چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔