شیئر بازار کی زبردست چھلانگ، سنسیکس 1921 اور نفٹی 569 پوائنٹ اضافہ کے ساتھ بند

بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئروں والا انڈیکس سنسیکس 1921.15 پوائنٹ بڑھ کر 38014.62 پر، اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا 50 شیئروں والا انڈیکس نفٹی 569.40 پوائنٹ بڑھ کر 11274.20 پر بند ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

معیشت میں تیزی لانے کی کوششوں میں مصروف مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن لگاتار پریس کانفرنس کر رہی ہیں۔ آج ایک بار پھر انھوں نے پریس کانفرنس کی اور کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کا بڑا اعلان کر دیا۔ اس سے معیشت کو کتنا فائدہ ہوگا، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا، لیکن اس فیصلے سے شیئر بازار کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ آج بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئروں والا انڈیکس سنسیکس 1921.15 پوائنٹ یا 5.32 فیصد کی تیزی کے ساتھ 38014.62 پوائنٹ پر بند ہوا۔ وہیں دوسری طرف نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا 50 شیئروں والا انڈیکس نفٹی 569.40 پوائنٹ یا 5.32 فیصد کی تیزی کے ساتھ 11274.20 پوائنٹ پر بند ہوا۔


ایک وقت یہ آیا تھا کہ سنسیکس 2260 پوائنٹ کے اضافہ کے ساتھ 38354 پوائنٹ پر تھا، جب کہ این ایس ای کا نفٹی 6.28 فیصد تیزی کے ساتھ 118100 پوائنٹ پر کاروبار کر رہا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سنسیکس میں 2200 پوائنٹ کا اضافہ گزشتہ 10 سالوں میں ایک دن کا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ اس سے پہلے سال 2009 میں دیکھنے کو ملا تھا۔ اس وقت سنسیکس میں ایک دن میں سب سے زیادہ 2110 پوائنٹ کا اضافہ ہوا تھا۔ بازار میں تیزی آنے سے گھریلو سرمایہ کاروں کو 2.11 لاکھ کروڑ کا فائدہ ہوا۔ اس سے بی ایس ای میں لسٹیڈ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ بڑھ کر 14079839.48 کروڑ روپے ہو گیا۔

سنسیکس کے 30 میں سے 25 اور نفٹی کے 50 میں سے 44 شیئر فائدے میں کاروبار کیا۔ سنسیکس میں ہیرو موٹ کارپ کا شیئر 12 فیصد سے زیادہ بڑھا۔ اس کے بعد ماروتی کا شیئر 11 فیصد، انڈس انڈ بینک اور ایس بی آئی کا شیئر 10 فیصد سے زیادہ بڑھا۔ دوسری جانب پاور گریڈ کا شیئر 2.39 فیصد تک گرا۔ انفوسس، ٹی سی ایس اور این ٹی پی سی کے شیئروں میں بھی 2 فیصد تک کی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2019, 5:10 PM