مودی حکومت کی دوسری مدت کار کا آخری بجٹ آج پیش کیا جائے گا

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن جمعرات کو یعنی آج پارلیمنٹ میں مالی سال 2024-25 کے پہلے چار مہینوں کا عبوری بجٹ پیش کریں گی

<div class="paragraphs"><p>نرملا سیتارمن / یو این آئی</p></div>

نرملا سیتارمن / یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن جمعرات کو یعنی آج پارلیمنٹ میں مالی سال 2024-25 کے پہلے چار مہینوں کا عبوری بجٹ پیش کریں گی۔ مودی حکومت کی دوسری مدت کار میں وزیر خزانہ بننے والی سیتا رمن کا یہ چھٹا اور پہلا عبوری بجٹ ہوگا۔ نرملا سیتا رمن صبح 11 بجے لوک سبھا میں بجٹ تقریر پڑھنا شروع کریں گی۔

ایک روز قبل یعنی 31 جنوری 2024 کو پارلیمنٹ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنا خطبہ پیش کیا اور مودی حکومت کی حصولیابیوں کو شمار کیا۔

اس بجٹ میں حکومت پر مہنگائی کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے کھپت اور دیہی معیشت کو فروغ دینے کا دباؤ ہوگا۔ اس کے علاوہ، حکومت سے یہ بھی توقع کی جائے گی کہ وہ انکم ٹیکس میں چھوٹ دے گی تاکہ ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ منریگا بجٹ اور کسان سمان یوجنا کے تحت ہر سال ملنے والی 6000 روپے کی امداد میں اضافہ متوقع ہے۔ تاہم عوام کی توقعات کہاں تک پوری ہوتی ہیں یہ تو عبوری بجٹ پیش ہونے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔


وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن صبح 7:30 بجے کے بعد اپنے گھر سے نکل گئیں۔ صبح 8 بجکر 15 منٹ پر وزارت خزانہ کے گیٹ نمبر 2 پر بجٹ تیاری ٹیم کا فوٹو سیشن ہوا۔ صبح 8:45 بجے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گی اور بجٹ کی منظوری لیں گی۔ وزیر خزانہ 9 بجکر 15 منٹ پر پارلیمنٹ پہنچیں گی۔ بجٹ کی منظوری صبح 10 بجے کابینہ اجلاس میں دی جائے گی۔ اس کے بعد پارلیمنٹ میں وزیر خزانہ نرملا کی بجٹ تقریر صبح 11 بجے شروع ہوگی۔ بجٹ کے بعد شام 4 بجے نیشنل میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس ہوگی۔

عبوری بجٹ کیا ہے؟

یہ بجٹ مکمل بجٹ نہیں بلکہ محض ووٹ آن اکاؤنٹ ہوتا ہے۔ اس میں حکومت مالی سال 2024-25 کے پہلے چار ماہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پارلیمنٹ سے اجازت طلب کرے گی۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد بننے والی حکومت جولائی میں اگلے 8 ماہ کا مکمل بجٹ پیش کرے گی۔ عبوری بجٹ کی وجہ سے رواں مالی سال 24-2023 کا معاشی جائزہ ابھی پیش نہیں کیا جائے گا۔ یہ مکمل بجٹ کے وقت پیش کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔