دیوالی کے موقع پر آن لائن خریداری میں چھوٹے شہروں نے دہلی-ممبئی کو پیچھے چھوڑا، خوب ہوئی ’ای-شاپنگ‘
لاجسٹکس انٹلیجنس پلیٹ فارم ’کلک پوسٹ‘ نے 4.25 کروڑ سے زیادہ شپمنٹ کا جائزہ لیا۔ اس سے پتہ چلا کہ نان میٹرو سٹیز اب تہواری سیزن میں ای-کامرس شاپنگ کو زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

آن لائن خریداری کا چلن تیزی کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ اب میٹرو سٹیز ہی نہیں، بلکہ نان میٹرو سٹیز میں بھی لوگ گھر بیٹھے سامان خریدنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اس کا ثبوت دیوالی کے موقع پر کی گئی خریداری کا ڈاٹا ہے، جس نے ایک نیا انکشاف کیا ہے۔ اس بار دیوالی میں آن لائن آرڈرس سب سے زیادہ ٹیئر-2 اور ٹیئر-3 شہروں سے دیکھنے کو ملے ہیں۔ یعنی ای-شاپنگ کے معاملے میں چھوٹے شہروں نے دہلی و ممبئی جیسے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ ہندوستان میں آن لائن دیوالی شاپنگ کے دوران مجموعی آرڈرس میں نان میٹرو سٹیز سے 3 چوتھائی آرڈرس دیکھنے کو ملے۔ جو ڈاٹا سامنے آیا ہے، وہ یہ بھی ظاہر کر رہا ہے کہ ٹیئر-3 شہروں نے تنہا مجموعی آرڈر میں نصف سے زیادہ کا تعاون دیا۔ یہ باتیں لاجسٹکس انٹلیجنس پلیٹ فارم ’کلک پوسٹ‘ کے ذریعہ پیش کردہ ڈاٹا میں سامنے آئی ہیں۔ ’کل پوسٹ‘ نے 4.25 کروڑ سے زیادہ شپمنٹ کا جائزہ لیا، اور اس میں پایا کہ نان میٹرو سٹیز، یعنی چھوٹے شہر اب تہواری سیزن میں ای-کامرس شاپنگ کو زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے حوالہ سے ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں ٹیئر-3 شہروں کا تنہا سبھی آرڈرس میں 50.7 فیصد حصہ تھا۔ ٹیئر-2 کی حصہ داری 24.8 فیصد دیکھنے کو ملی۔ یعنی ملک کے مجموعی آرڈرس میں چھوٹے شہروں کی حصہ داری تقریباً 3 چوتھائی (74.7 فیصد) رہی۔
کہا جا رہا ہے کہ درگا پوجا جیسے تہواروں سے خریداری کو بہت فروغ ملا، جس میں پوجا سے پہلے کے ہفتہ میں فیشن کے آرڈر 14.3 فیصد بڑھ گئے، اور کروا چوتھ، جب بیوٹی پروڈکٹس کی خریداری نے فیشن پر ہونے والے خرچ کو تقریباً 2 گنا کر دیا۔ بڑھتی تعداد کے باوجود ہندوستان کے لاجسٹکس نیٹورک نے 2.83 دنوں کا اوسط ڈسٹریبیوشن ٹائم بنائے رکھا۔ اسی دن ہائپر لوکل ڈیلیوری میں بھی سال در سال 42 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا۔
پی ٹی آئی نے ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اوسط آرڈر ویلیو 2024 میں 3281 روپے سے 32.5 فیصد بڑھ کر 2025 میں 4346 روپے ہو گیا۔ ’کلک پوسٹ‘ کے شریک بانی اور سی ای او نمن وجئے نے اس تعلق سے کہا کہ ’اسمارٹ پلیئر‘ اگلے سال کے لیے ابھی سے تیاری کر رہے ہیں۔ اس کے تحت سینکڑوں شہروں میں اسی دن ڈیلیوری کا خاکہ تیار کرنا، ایک لاکھ آرڈر اور ایک منٹ میں اطمینان وغیرہ شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ’کلک پوسٹ‘ ہندوستان، جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور امریکہ میں نائیکا، پیوما، کیریٹ لین اور والمارٹ سمیت 450 سے زیادہ برانڈس کے لیے ہر ماہ 5 کروڑ سے زیادہ شپمنٹ کو مینیج کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔