امریکی کمپنی جین اسٹریٹ پر سیبی کی پابندی، 4843 کروڑ کا ناجائز منافع ضبط ہوگا

سیبی نے امریکی کمپنی جین اسٹریٹ کو شیئر مارکیٹ میں ہیر پھیر کے الزام میں بین کیا، 4843 کروڑ کا غیر قانونی منافع واپس لینے کا حکم دیا، کمپنی نے انڈیکس میں چالاکی سے فائدہ اٹھایا

<div class="paragraphs"><p>سیبی</p></div>

سیبی

user

قومی آواز بیورو

بازار کے نگراں ادارے سیبی (ایس ای بی آئی) نے کارروائی کرتے ہوئے امریکی ٹریڈنگ کمپنی جین اسٹریٹ (Jane Street) اور اس سے وابستہ دیگر اداروں پر ہندوستانی شیئر مارکیٹ میں کاروبار کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ مارکیٹ میں ہیر پھیر اور ناجائز منافع حاصل کرنے کے سنگین الزامات کے بعد سامنے آیا ہے۔

سیبی نے اپنے عبوری حکم نامے میں جین اسٹریٹ گروپ (جے ایس گروپ) کی ذیلی کمپنیوں، جے ایس آئی انویسٹمنٹس، جے ایس آئی 2 انویسٹمنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، جین اسٹریٹ سنگاپور پرائیویٹ لمیٹڈ اور جین اسٹریٹ ایشیا ٹریڈنگ، کو فوری طور پر ہندوستانی سکیورٹیز مارکیٹ سے بین کر دیا ہے۔

حکم کے مطابق، ان اداروں نے یکم جنوری 2023 سے 31 مارچ 2025 کے درمیان نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) پر انڈیکس آپشنز کی مدد سے 43,289 کروڑ روپے سے زیادہ کا منافع حاصل کیا۔ سیبی نے الزام لگایا ہے کہ ان کمپنیوں نے اختتامی دنوں کے قریب مارکیٹ میں غیر فطری انداز سے ہیر پھیر کی تاکہ قیمتوں کو متاثر کر کے ناجائز منافع کمایا جا سکے۔

سیبی کے مطابق، کمپنیوں نے ’ایکسٹینڈڈ مارکنگ دی کلوز‘ جیسی متنازعہ حکمت عملی اپنائی، جس کے تحت بازار بند ہونے سے پہلے آخری لمحات میں انڈیکس کی سمت پر غیر معمولی اثر ڈالا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ فروری 2025 میں جین اسٹریٹ کو این ایس ای کی جانب سے خبردار کیا گیا تھا، اس کے باوجود کمپنی نے مئی 2025 میں دوبارہ ویسی ہی سرگرمیاں انجام دیں، جو مارکیٹ میں شفافیت کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔


سیبی کے فل ٹائم رکن اننت نارائن جی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ایسا سنگین اور ناپسندیدہ رویہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جین اسٹریٹ گروپ، دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے برخلاف، ایک بھروسے کے قابل ادارہ نہیں ہے۔ ایسے میں اسے مزید کاروبار کی اجازت دینا سرمایہ کاروں کے مفاد کو زک پہنچا سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سیبی کے لیے لازمی ہو گیا تھا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے تاکہ سرمایہ کاروں کے مفادات کو تحفظ دیا جا سکے۔ چنانچہ سیبی نے جین اسٹریٹ گروپ کو حکم دیا ہے کہ وہ 4,843.57 کروڑ روپے کا وہ ناجائز منافع واپس کرے، جو اس نے مبینہ طور پر انڈیکس میں ہیر پھیر کے ذریعے حاصل کیا تھا۔ سیبی نے ان اداروں کو مستقبل میں کسی بھی طرح کی براہ راست یا بالواسطہ دھوکہ دہی، ہیر پھیر یا غیر منصفانہ کاروباری عمل سے باز رہنے کی سخت ہدایت بھی دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔