چوتھی سہ ماہی میں ایس بی آئی کے منافع میں تقریباً 10 فیصد کی گراوٹ

مارچ 2025 کو ختم سہ ماہی میں ایس بی آئی کا خالص منافع 9.93 فیصد کم ہو کر 18643 کروڑ رہا، مگر سالانہ منافع 16.08 فیصد بڑھ کر 70901 کروڑ تک پہنچ گیا۔ جبکہ خالص این پی اے گھٹ کر 0.47 فیصد رہ گیا

ایس بی آئی / Getty Images
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: ملک کے سب سے بڑے تجارتی بینک، اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کو مالی سال 2024-25 کی آخری سہ ماہی میں خالص منافع میں 10 فیصد کے قریب کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بینک نے ہفتہ کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد جاری مالیاتی نتائج میں بتایا کہ مارچ 2025 کو ختم ہونے والی چوتھی سہ ماہی میں اس کا خالص منافع 18643 کروڑ روپے رہا، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں حاصل کیے گئے 20698 کروڑ روپے کے منافع کے مقابلے 9.93 فیصد کم ہے۔

اگرچہ سہ ماہی منافع میں کمی آئی ہے لیکن پورے مالی سال کے نتائج بینک کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں۔ بینک نے مالی سال 2024-25 کے دوران مجموعی طور پر 70901 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا، جو گزشتہ مالی سال کے 61077 کروڑ روپے کے مقابلے میں 16.08 فیصد زیادہ ہے۔

بینک نے کہا کہ اس کی خالص سود کی آمدنی مارچ 2025 کو ختم ہونے والی چوتھی سہ ماہی میں 42775 کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں حاصل ہونے والی 41655 کروڑ روپے کی آمدنی سے 2.69 فیصد زیادہ ہے۔ پورے مالی سال کی بات کی جائے تو خالص سود کی آمدنی 166965 کروڑ روپے رہی، جو 2023-24 میں 159876 کروڑ روپے تھی، یعنی 4.43 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔


منافع میں کمی کی ایک بڑی وجہ بینک کی جانب سے کیے گئے اضافی پروویژنز ہیں۔ چوتھی سہ ماہی میں ایس بی آئی نے 3964 کروڑ روپے کا پروویژن کیا، جو پچھلے سال کی اسی سہ ماہی میں کیے گئے 3294 کروڑ روپے کے پروویژن سے 20.35 فیصد زیادہ ہے۔ مکمل مالی سال کے دوران کیے گئے پروویژن 14418 کروڑ روپے رہے، جو پچھلے مالی سال کے 9518 کروڑ روپے کے مقابلے 51.49 فیصد کا نمایاں اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

این پی اے (نان پرفارمنگ ایسیٹس) کے محاذ پر بینک کی کارکردگی قدرے بہتر رہی۔ مارچ 2025 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بینک کا مجموعی این پی اے 42 بیسس پوائنٹس کم ہوکر 1.82 فیصد رہ گیا، جبکہ خالص این پی اے میں 10 بیسس پوائنٹس کی کمی درج کی گئی اور یہ 0.47 فیصد پر آ گیا۔

ایس بی آئی کے مطابق، بینک نے خطرات کو کم کرنے اور مالی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی پروویژننگ میں اضافہ کیا ہے، جو طویل مدت میں بینک کی مالی صحت کے لیے مثبت علامت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔