روٹومیک گھوٹالہ: کمپنی مالک وکرم کوٹھاری گرفتار

کئی بینکوں کو کروڑوں کا چونا لگانے کے الزام میں روٹو میک کمپنی کے مالک وکرم کوٹھاری کو سی بی آئی نے معاملہ درج کرکے گرفتار کر لیا ہے۔ سی بی آئی ان کی بیوی اور بچوں سے بھی پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پین بنانے والی معروف کمپنی روٹومیک کے مالک وکرم کوٹھاری کو سی بی آئی نے گرفتار کر لیا ہے ان پر کئی بینکوں سے کروڑوں روپے کی ہیر پھیری کرنے کا الزام ہے۔ سی بی آئی وکرم کوٹھاری کے ساتھ ان کی بیوی اور بچوں سے بھی پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں سی بی آئی نے ان کے کانپور واقع گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ کانپور کے مال روڈ پر واقع سٹی سینٹر میں روٹومیک کمپنی کے دفتر پر پچھلے کئی سالوں سے تالا لگا ہوا ہے۔

وکرم کوٹھاری نے 18 فروری کو گھوٹالے کا الزام لگنے کے بعد کہا ’’میں کانپور کا باشندہ ہوں اور شہر میں ہی رہوں گا۔ حالانکہ کاروباری سلسلہ میں مجھے بیرونی ممالک کا دورہ بھی کرنا ہوتا ہے۔‘‘

کانپور کے مشہور صنعت کار وکرم کوٹھاری نے ملک کے 5 بڑے بینکوں سے تقریباً 5 ہزار کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ ایک سال بعد بھی انہوں نے نہ تو قرض کی ادائیگی کی اور نہ ہی سود ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پی این بی کے بعد نیا گھوٹالہ، ’روٹومیک‘ کمپنی کا مالک 5000 کروڑ لے کر فرار

سال 2017 میں بینک آف بڑودا نے روٹومیک گلوبل پارئیویٹ لمٹیڈ کو دانستہ طور پر قرض نہ ادا کرنے پر ’ویل فل ڈفالٹر‘قرار دیا تھا۔ اس فہرست سے نام ہٹوانے کے لئے کمپنی نے الہ آباد ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔ اس وقت چیف جسٹس ڈی بی بھوسلے اور جسٹس یشونت ورما کی بنچ نے کمپنی کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بینک آف بڑودا کو حکم دیا تھا کہ اسے فہرست سے باہر کر دیا جائے۔ عدالت نے کہا تھا کہ قرض ادائیگی کی تاریخ گزر جانے کے بعد کمپنی نے بینک کو 300 کروڑ روپے سے زائد کی املاک کی پیشکش کی تھی۔ عدالت نے بینک کی طرف سے کمپنی کو ڈیفالٹر وں کی فہرست میں ڈالنے کی کارروئی کو غلط ٹھہرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Feb 2018, 2:16 PM
/* */