آر بی آئی کا اہم قدم، گزشتہ 6 ماہ میں بیرون ملک سے واپس لایا اپنا 64 ٹن سونا

یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب دنیا بھر کے ممالک جغرافیائی سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر مالیاتی پابندیوں اور اثاثوں کے انجماد کا استعمال کر رہے ہیں

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 ہندوستان کے مرکزی بینک آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) ملک کے اثاثوں کی حفاظت کے لیے اہم اقدامات کر رہا ہے۔ اس کڑی میں رواں سال مارچ سے ستمبر کے درمیان بیرون ملک رکھا اپنا 64 ٹن سونا واپس لایا گیا ہے۔ یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب دنیا بھر کے ممالک جغرافیائی سیاسی دباؤ کے ہتھیار کے طور پر مالیاتی پابندیوں اور اثاثوں کے انجماد کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس سال ستمبر کے آخر تک کے اعداد و شمار کے مطابق آر بی آئی کے پاس 880.8 ٹن سونا ہے۔ اس میں سے 575.8 ٹن کا ایک بڑا حصہ ہندوستان میں محفوظ رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 290.3 ٹن سونا بینک آف انگلینڈ اور بینک آف انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کے پاس رکھا گیا ہے۔ وہیں 14 ٹن سونا گولڈ ڈپازٹ ارینجمنٹ کا حصہ ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مارچ 2023 سے آر بی آئی بیرون ملک سے اپنا 274 ٹن سونا ہندوستان میں واپس لا چکا ہے۔ آر بی آئی کی طرف سے یہ فیصلہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے پیش نظر غیر ملکی ذخائر کی حفاظت کے لیے لیا گیا ہے۔


دریں اثناء بدھ کے کاروباری دن بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج میں سونے کا بازار گزشتہ بند ہوئے تقریباً 1,19,646 روپئے فی 10 گرام کے مقابلے تقریباً 1,19,647 روپئے فی 10 گرام پر کھلا۔ ابتدائی کاروبار کے دوران سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 1,20,047 روپئے فی 10 گرام پرکاروبار کر رہا تھا۔ وہیں دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی آئی۔ چاندی 1,44,761 روپئے فی کلو گرام پر کھلی اور ابتدائی کاروبار میں 1,45,331 فی کلو گرام تک بڑھ گئی۔

 عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ نے گزشتہ کاروباری دن (منگل) کو 7 اکتوبر کے بعد سے اپنی کم ترین سطح چھونے کے بعد 0.2 فیصد کا اضافہ درج کروایا اور یہ 3,957.42 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ امریکہ۔ چین تجارت سے متعلق خدشات میں نرمی کی وجہ سے یہ تیزی محدود رہی۔ دوسری جانب سرمایہ کار امریکی فیڈ کی جانب سے شرح سود میں کمی کا انتظار کر رہے ہیں۔


سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بات کریں تو اس سال اب تک سونے کی قیمتوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 20 اکتوبر کو سونے کی قیمت 4,381.21  ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ یہ اضافہ عالمی غیر یقینی صورتحال، شرح سود میں کمی کی توقعات اور آر بی آئی کے علاوہ دیگر مرکزی بینکوں کے ذریعہ مسلسل خریداری کی وجہ سے دیکھا جا رہا ہے۔