آر بی آئی نے ریپو ریٹ 5.5 فیصد پر برقرار رکھا، ای ایم آئی ادا کرنے والوں کو کوئی راحت نہیں
آر بی آئی نے ریپو ریٹ 5.5 فیصد برقرار رکھا ہے، جس کے بعد قرضوں کی ایم ایم آئی اور بینکوں کی لاگت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ وہیں، جی ڈی پی کی شرح نمو 6.8 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے

نئی دہلی: آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) کے گورنر سنجے ملہوترا کی صدارت میں منعقدہ سہ روزہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس کے بعد بدھ کو اعلان کیا گیا ہے کہ ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس طرح اگست کے بعد اکتوبر میں بھی ریپو ریٹ 5.5 فیصد پر برقرار رہے گا۔ قبل ازیں، ریپو ریٹ میں 100 بیسِس پوائنٹس تک کی کمی کی گئی تھی۔ تاہم، آر بی آئی نے ملک کی جی ڈی پی کی شرح نمو 6.8 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے درآمدی اشیاء پر اضافی تیرف عائد کئے جانے کے بعد یہ اجلاس اقتصادی ماہرین کے نزدیک خاص اہمیت کا حامل تھا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ مضبوط جی ڈی پی کی شرح نمو اور مہنگائی پر کنٹرول کی وجہ سے ایم پی سی کے ریپو ریٹ کو برقرار رکھنے کے امکان زیادہ ہیں۔
ریپو ریٹ میں عدم تبدیلی کا فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک میں جی ایس ٹی اصلاحات کے بعد روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی حکومت کی جانب سے ایچ ون بی ویزا فیس میں اضافہ اور عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال نے بھی اس فیصلے پر اثر ڈالا ہے۔
ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہ ہونے سے قرض لینے والے اور ای ایم آئی ادا کرنے والے فی الحال کسی راحت سے محروم ہیں۔ بینکوں کی قرض دینے کی لاگت بھی ویسی کی ویسی رہے گی۔ سرمایہ کاروں کے لیے یہ اشارہ ہے کہ آر بی آئی موجودہ معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور بڑے اقتصادی اقدامات کے حق میں نہیں ہے۔ اس کا اثر شیئر مارکیٹ، بانڈ مارکیٹ اور روپے کی قدر پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس فیصلے کے مطلب یہ ہیں کہ سرمایہ کاروں کے لیے مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے گا، قرض کی مانگ قائم رہے گی اور ہوم لون یا آٹو لون مہنگے نہیں ہوں گے۔ غیر ملکی سرمایہ کار (ایف آئی آئی) بھی اس سے یہ سمجھ سکتے ہیں کہ آر بی آئی محتاط انداز میں قدم اٹھا رہا ہے۔ تاہم، عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے اثرات ابھی بھی برقرار رہیں گے۔
RBI Holds Repo Rate at 5.5%, Projects GDP Growth at 6.8%; Stability Maintained Amid Global Uncertainty