آر بی آئی نے ملک میں جاری مالی بحران کا کیا اعتراف، بہتری کے لیے نجی سرمایہ کاری ضروری
ریزرو بینک نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ملک میں مالی بحران کا دور چل رہا ہے اور اس سے باہر نکلنے کے لیے نجی سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔ آر بی آئی نے یہ باتیں اپنی سالانہ رپورٹ میں کہی ہیں۔

ملک کے سنٹرل بینک آر بی آئی نے اعتراف کیا ہے کہ اس وقت ہندوستان میں بحران کا دور ہے اور پہلی چھ ماہی میں شرح ترقی 5.8 سے 6.6 فیصد کے درمیان رہے گی۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ معیشت میں تیزی کے لیے نجی سرمایہ کو بڑھانا ہوگا۔ جمعرات کو پیش اپنی سالانہ رپورٹ 2019 میں آر بی آئی نے کہا ہے کہ گھریلو طلب گھٹنے سے معاشی سرگرمیاں سست ہو گئی ہیں۔
اس رپورٹ سے مودی حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا کی قلعی بھی کھلتی نظر آتی ہے، کیونکہ آر بی آئی نے بتایا ہے کہ اس وقت ملک میں کرنسی سرکولیشن میں 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 21.10 لاکھ کروڑ پہنچ گیا ہے۔
ریزرو بینک کی رپورٹ کے مطابق کئی چیزیں اس طرف اشارہ دے رہی ہیں کہ 20-2019 کی پہلی سہ ماہی میں طلب تیزی سے گھٹی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مانسون کے تاخیر سے آنے اور کم بارش ہونے کے سبب فصل کی پیداواری کم ہونے کا خطرہ ہے اور اس سے طلب میں سستی آئی ہے۔ ریزرو بینک کے مطابق موٹر سائیکل اور ٹریکٹر کی فروخت کم ہونا اس بات کا واضح اشارہ ہے۔
آر بی آئی نے کہا ہے کہ غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں سے ملنے والے قرض میں تقریباً 20 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے جب کہ بینکنگ سیکٹر میں 44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔