آر بی آئی نے پھر دیا جھٹکا! ریپو ریٹ 4.90 سے بڑھا کر کیا 5.40 فیصد، قرض کی ای ایم آئی ہوں گی مہنگی

سہ روزہ اجلاس کے بعد آج ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے اس میں لئے گئے فیصلوں سے آگاہ کراتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ریپور ریٹ کو 4.90 فیصد سے بڑھا کر 5.40 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی اگست 2022 کی میٹنگ آج جمعہ کو اختتام پذیر ہوئی۔ بدھ کے روز شروع ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس کے بعد آج صبح 10 بجے ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس نے لئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ریپور ریٹ بڑھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ آر بی آئی کے اس فیصلہ لسے عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

گورنر شکتی کانت داس نے بتایا کہ اس بار ریپو ریٹ میں 0.50 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پچھلے چار مہینوں میں ریپو ریٹ میں 1.40 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اب اس کا اثر ہوم لون سے لے کر پرسنل لون تک کی ای ایم آئی پر نظر آنے والا ہے۔


ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی یہ میٹنگ پہلے پیر سے بدھ تک ہونی تھی لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر اسے ملتوی کرنا پڑا۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ریزرو بینک نے اس سال مئی سے ریپو ریٹ بڑھانا شروع کیا ترھا۔ ریزرو بینک نے مئی کے مہینے میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ طلب کی تھی۔

مئی 2022 کی میٹنگ میں ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں 0.40 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اس کے بعد جون کے مہینے میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس ہوا جس میں ریپو ریٹ میں 0.50 فیصد اضافہ کیا گیا۔ آر بی آئی نے مئی میں تقریباً دو سال بعد پہلی بار ریپو ریٹ میں تبدیلی کی تھی۔ تقریباً دو سال تک ریپو ریٹ صرف 4 فیصد پر ہی رہا۔ اب ریپو ریٹ بڑھ کر 5.40 فیصد ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔