آر بی آئی: ریپو ریٹ میں 35 پوائنٹس کی کمی، ’بینک لون‘ سستے ہونے کی امید

ریزرو بینک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی نے رواں مالی سال کی تیسری دوماہی جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا۔پیر سے شروع ہوئی سہ روزہ میٹنگ کے بعد ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانتا داس نے یہ اطلاع دی۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: مہنگائی کے ہدف کے دائرے میں رہنے کے باوجود سست اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے مقصد سے ریزرو بینک نے پالیسی کی شرحوں میں 35 بنیادی پوائنٹس کی کمی کی ہے جس سے گھر، کار اور پرسنل لون سمیت سبھی قسم کے قرض سستے ہونے کی امید جاگی ہے۔ ریپو ریٹ میں 35 پوائنٹ کی کمی ہونے کے بعد یہ شرح 5.40 فیصد ہو گئی ہے۔

ریزرو بینک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی نے رواں مالی سال کی تیسری دوماہی جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا۔پیر سے شروع ہوئی سہ روزہ میٹنگ کے بعد ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانتا داس نے یہ اطلاع دی۔ داس کے گورنر بننے کے بعد سے مسلسل چوتھی بار پالیسی کی شرحوں میں کمی کی گئی ہے۔ پہلے تین بار میں 0.75 فیصد یعنی 75 بنیادی پوائنٹس کی کمی کی گئی تھی۔ کل ملا کر چار بار میں اب تک 1.10 فیصد یعنی 110 بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جا چکی ہے۔


آج کی کٹوتی کے بعد ریپو ریٹ 5.75 سے گھٹ کر 5.40 فیصد، ریورس ریپوریٹ 5.50 فیصد سے کم ہوکر 5.15 فیصد، مارجینل اسٹینڈنگ فیسیلٹی ریٹ (ایم ایس ایف آر) چھ فیصد سے گھٹ کر 5.65 فیصد اور بینک شرح چھ فیصد سے کم ہوکر 5.65 فیصد ہو گئی ہے۔ حالانکہ کیش ریزرو ریٹ (سی آر آر) چار فیصد پر اور قانونی لیکویڈیٹی تناسب (ایس ایل آر) 19.25 فیصد پر مستحکم ہے۔ یہ کٹوتی فوری اثر سے نافذ ہو گئی ہے۔

کمیٹی نے رواں مالی سال کے قرض اور مالیاتی پالیسی پر اپنے ایکوموڈیٹو رخ کو جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا جس سے ضرورت پڑنے پر پالیسی شرحوں میں اور کمی کیے جانے کا امکان برقرار رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Aug 2019, 3:10 PM