بیٹری سے چلنے والی ’نینو کار‘ دیکھ کر خوش ہوئے رتن ٹاٹا، نکل پڑے سیر پر

نینو ای وی 4 سیٹوں والی کار ہے اور اس کی رینج 160 کلومیٹر تک ہے۔ یہ کار 10 سیکنڈ سے کم وقت میں صفر سے 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پکڑ لیتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آپ کو یاد ہوگا کچھ سال پہلے ٹاٹا موٹرس نے ’لکھ ٹکیا کار‘ یعنی نینو کر پیش کی تھی جس کا پروڈکشن اب بند ہو چکا ہے۔ لیکن اب اس نینو کا الیکٹرک ورژن یعنی بیٹری سے چلنے والی کار منظر عام پر آئی ہے۔ رتن ٹاٹا کی اس ڈریم کار کو ان کی کمپنی نے حال ہی میں نئے انداز میں پیش کیا ہے۔ جب رتن ٹاٹا کو یہ ’نینو ای وی‘ ڈیلیور ہوئی تو وہ بہت خوش ہوئے اور خود کو سیر پر نکلنے سے روک نہیں پائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے لیے پاور ٹرین بنانے والی کمپنی الیکٹرا ای وی نے لکھ ٹکیا کار کو کسٹمائز کر کے الیکٹرک کار کی شکل دی ہے۔ کمپنی نے خود ہی اس کی جانکاری سوشل میڈیا پر دی۔ کمپنی نے بتایا کہ اس کے بانی رتن ٹاٹا کو نہ صرف یہ کار پسند آئی ہے بلکہ انھوں نے نینو ای وی کی سواری کا بھی لطف اٹھایا۔ کمپنی نے کہا کہ رتن ٹاٹا کو ’72وی نینو ای وی‘ ڈیلیور کرنا اور ان کا فیڈ بیک حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے۔


الیکٹرا ای وی نے سوشل میڈیا پر رتن ٹاٹا کے ساتھ نینو ای وی کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔ اس میں رتن ٹاٹا نینو ای وی کے ساتھ شانتنو نائیڈو بھی نظر آ رہے ہیں جو رتن ٹاٹا کے اسسٹنٹ ہیں۔ کمپنی نے تصویر کے ساتھ لکھا ہے ’’یہ ٹیم الیکٹرا ای وی کے لیے ’مومنٹ آف ٹروتھ‘ ہے، جب ہمارے فاؤنڈر نے کسٹم بلٹ نینو ای وی کی سواری کی، جو الیکٹرا ای وی کے پاور ٹرین پر تیار ہے۔ ہم رتن ٹاٹا کو نینو ای وی ڈیلیور کر اور ان کا رد عمل حاصل کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نینو ای وی 4 سیٹوں والی کار ہے اور اس کی رینج 160 کلومیٹر تک ہے۔ یہ کار 10 سیکنڈ سے کم وقت میں صفر سے 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار پکڑ لیتی ہے۔ اس میں لیتھیم آئن بیٹری کا استعمال کیا گیا ہے۔ ٹاٹا موٹرس کا اس کار کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ ریئل کار والا احساس دلاتا ہے۔ ماڈرن صارفین کو ماحولیات کے موافق پرسنل ٹرانسپورٹیشن مہیا کرانے کی کوشش میں کسی بھی چیز سے سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔