ایندھن کی ریکارڈ مہنگائی پر وزیر اعظم کا بیان، ریاستوں سے ٹیکس کم کرنے کی اپیل

پی ایم مودی نے وزارئے اعلیٰ سے کہا کہ وہ بھی عوام کو راحت فراہم کرنے کے لئے پٹرول اور ڈیزل کے داموں پر عائد ٹیکس کو کم کریں، جس طرح مرکز نے نومبر میں ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کر کے عوام کو راحت دی تھی۔

وزیر اعظم مودی / ویڈیو گریب
وزیر اعظم مودی / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایندھن قیمتوں کے حوالہ سے حزب اختلاف کے حملے برداشت کر رہے وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں کو صلاح دی ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ہونے والے ویٹ (ویلیو ایڈیڈ ٹیکس) کو کم کر کے عوام کو راحت پہنچائیں۔ ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کورونا کی صورت حال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران پٹرول-ڈیزل کے داموں کا تذکرہ کیا۔ اپنے اس بیان سے انہوں نے دام کم کرنے کی ذمہ داری ریاستی حکومتوں کے سر ڈال دی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے تو روس-یوکرین تنازعہ کو ایندھن قیمتوں کی مہنگائی کی وجہ قرار دیا۔ اس کے بعد مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل پر زور دیا اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے وزارئے اعلیٰ سے کہا کہ وہ بھی عوام کو راحت فراہم کرنے کے لئے پٹرول اور ڈیزل کے داموں پر عائد ٹیکس کو اسی طرح کم کریں جس طرح مرکز نے نومبر کے مہینے میں ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کر کے عوام کو راحت دی تھی۔


وزرائے اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جنگ کے جو حالات پیدا ہوئے ہیں، اس سے تیل کی فراہمی کا سلسلہ متاثر ہو گیا ہے، ایسے حالت میں چیلنجز میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ عالمی بحران متعدد مشکلات لے کر آ رہا ہے، لہذا مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل کا ہونا ضروری ہے۔

وزیر اعظم مودی نے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کی مثال دی اور کہا کہ لوگوں پر بوجھ کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے نومبر میں ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی۔ پھر ریاستی حکومتوں سے بھی ویٹ کم کرنے کو کہا گیا۔ کچھ ریاستوں نے مرکز کی بات مان کر لوگوں کو راحت دی، لیکن کچھ ریاستوں نے ایسا نہیں کیا۔


مہاراشٹر، مغربی بنگال، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کیرالہ، جھارکھنڈ، تمل ناڈو نے کسی نہ کسی وجہ سے مرکزی حکومت کی باتوں پر کان نہیں دھرے اور ان ریاستوں کے شہریوں پر بوجھ پڑتا رہا۔ میری درخواست ہے جو نومبر میں کرنا تھا وہ اب کریں اور ویٹ میں کمی کر کے شہریوں کو فائدہ پہنچائیں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت ہند کو جو آمدنی ہوتی ہے اس کا 42 فیصد ریاستوں کے پاس چلا جاتا ہے۔ مرکز کو ایکسائز ڈیوٹی کم کئے ہوئے 6 مہینے گزر چکے ہیں، ریاستی حکومت اب بھی چاہیں تو ویٹ میں کمی کر کے عوام کو راحت پہنچا سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کچھ دنوں سے اضافہ نہیں ہوا ہے لیکن اس سے پہلے کئی دنوں تک اضافہ ہوا تھا۔ فی الحال ملک بھرم میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ میں فروخت ہو رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔