اب بینک تعطیل کے باوجود بروقت ادا ہوگی تنخواہ، آر بی آئی کا پیمنٹ سسٹم میں تبدیلی کا اعلان

آر بی آئی نے خودکار ادائیگی نظام کی سہولت میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد تعطیل کے باوجود تنخواہیں بروقت کھاتوں میں منتقل ہوں گی، نیز بلوں کی ادائیگی میں بھی تاخیر نہیں ہوگی

علامتی تصویر / بشکریہ پیسہ بازار ڈاٹ کام
علامتی تصویر / بشکریہ پیسہ بازار ڈاٹ کام
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے مرکزی بینک ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے آٹومیٹڈ پیمنٹ سسٹم (خودکار ادائیگی کا نظام) میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد بینک تعطیل ہونے کی صورت میں بھی تنخواہوں کی کھاتوں میں منتقلی یا بلوں کی خودکار ادائیگی میں تاخیر نہیں ہوگی۔

آر بی آئی نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ نیشنل آٹومیٹڈ کلیئرنگ ہاؤس (این اے سی ایچ) کی سہولت میں اہم تبدیلی کی گئی ہے اور صارفین کو اس کا فائدہ اگست کے مہینے سے حاصل ہونا شروع ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ این اے سی اچی ایک ’بلک پیمنٹ سسٹم‘ ہے جس کا آپریشن نیشنل پیمنٹ کوآپریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔


سرکاری محکمے اور کمپنیاں این اے سی ایچ کا استعمال سیلری، پنشن اور سبسڈی وغیرہ کی ادائیگی کے لئے کرتے ہیں۔ وہیں دوسری طرف لوگوں کے کھاتوں سے لون کی ای ایم آئی، انشورنس کی قسط، بجلی، پانی، فون اور گیس کے بلوں کی ادائیگی خود کار طریقہ سے ہو جاتی ہے۔ لیکن اس نظام میں ایک پریشانی ہے کہ جس دن بینک میں تعطیل ہوتی ہے اس دن کسی بھی طرح کا پیمنٹ ممکن نہیں ہو پاتا۔

یہی وجہ ہے کہ مہینے کے آخری دن یا سیلری ادائیگی کے دن اگر بینک تعطیل ہوتی ہے تو ملازمین کی تنخواہیں ایک دن کی تاخیر سے ادا ہو پاتی ہیں۔ حالانکہ کچھ کمپنیاں تخواہیں ایک دن پہلے بھی ادا کر دیتی ہیں۔ وہیں، اس کی وجہ سے لون کی آٹومیٹک ای ایم آئی یا بلوں کی ادائیگی بھی لیٹ ہو جاتی ہیں اور کبھی کبھی اضافی چارج بھی دینا پڑ جاتا ہے۔ آر بی آئی نے اب اس مسئلہ کا ازالہ کر دیا ہے۔


لوگوں کی پریشانی کے پیش نظر آر بی آئی نے این اے سی ایچ کو پورے سال ہفتے کے ساتوں دن چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت یکم اگست سے شرو ہو جائے گی۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ آر ٹی جی ایس کی سہولت کو ہفتہ کے ساتوں دن کے لئے شروع کیا جا رہا ہے۔ اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے این اے سی ایچ کو بھی پورے سال چلانے کی شروعات کی جا رہی ہے۔ آٹومیٹک پیمنٹ کی سہولت میں اس تبدیلی کا فائدہ اٹھانے کے لئے صارفین کو اپنے کھاتے میں پوری رقم رکھنا ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔