مہنگائی کی مار: ٹماٹر نے بھی دکھایا رنگ، دہلی میں قیمت 80 روپے فی کلو!

راجدھانی دہلی اور ملحقہ علاقوں میں جمعہ کو ٹماٹر کی قیمت تقریباً 80 روپے فی کلو رہی، بتایا جاتا ہے کہ بارش کے سبب فصل خراب ہونے سے ٹماٹر کی آمد میں کمی آ گئی اور نتیجاً قیمتیں آسمان چھونے لگیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں پترول-ڈیزل سمیت رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد اب کھانے کی اشیا پر بھی مہنگائی کی مار پڑنے لگی ہے۔ برسات کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی ٹماٹر پھر سے سرخ ہو گیا ہے۔ ملک کی راجدھانی دہلی اور ملحقہ علاقوں میں ٹماٹر 80 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بارش کے سبب فصل خراب ہونے سے ٹماٹر کی آمد میں کمی آ گئی اور نتیجاً قیمتیں آسمان چھونے لگیں۔ اگلے ہفتہ نئی فصل کی آمد میں تیزی آنے کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آنے کی امید ہے۔

گزشتہ ہفتہ ایک مہینے میں ٹماٹر کی تھوک قیمتوں میں 10 گنا تک اضافہ ہوا تھا۔ اس سے قبل دہلی کی آزاد پور منڈی میں ٹماٹر کی قیمت جہاں سوا روپے سے لے کر پونے پانچ روپے فی کلو تک تھی وہیں گزشتہ جمعہ کو یہاں ٹماٹر کے تھوک دام 6.55 روپے فی کلو تھے۔


ایک روز قبل منڈی میں ٹماٹر کے تھوک دام 52 روپے فی کلو تک پہنچ گئے یعنی ایک مہینے میں داموں میں تقریباً 995 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ تھوک داموں میں اضافہ کے سبب دہلی، این سی آر میں ٹماٹر کی خودہ قیمت جمعرات کو 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ جبکہ دہلی سے ملحقہ گریٹر نوئیڈا میں خردہ قیمت 50.70 روپے فی کلو رہی۔

آزاد پور منڈی زرعی پیداوار مارکیٹنگ کمیٹی کے صدر عادل خان کا کہنا ہے کہ یوں تو ٹماٹر کی آمد میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، لیکن دیگر تمام سبزیوں اور پھلوں کے دام بھی بڑھ گئے ہیں اور اس کی وجہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت بڑھ جانے سے ٹرانسپورٹ کرایہ میں اضافہ ہو گیا اور تمام سبزبیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔