نرملا سیتارمن آٹھویں بار پیش کر رہیں یونین بجٹ، سب سے طویل بجٹ تقریر کا ریکارڈ بھی ان کے نام
نرملا سیتارمن آج آٹھویں بار بجٹ پیش کر رہی ہیں، اس سے قبل وہ سات بجٹ پیش کر چکی ہیں۔ وہ سب سے طویل بجٹ تقریر (2 گھنٹے 42 منٹ) کا ریکارڈ بھی رکھتی ہیں۔ ان کے بجٹ پر سب کی نظریں لگی ہیں

نرملا سیتارمن / فائل تصویر / قومی آواز / وپن
نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن آج یکم فروری کو مالی سال 2025-26 کے لیے اپنا آٹھواں بجٹ لوک سبھا میں پیش کرنے جا رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ مسلسل سات بار بجٹ پیش کر چکی ہیں اور تاریخ رقم کر چکی ہیں۔ انہوں نے چھ مکمل اور دو عبوری بجٹ پیش کیے ہیں۔
نرملا سیتارمن سے قبل سب سے زیادہ بار بجٹ پیش کرنے والوں میں سابق وزیر اعظم مرارجی دیسائی، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور پرنب مکھرجی شامل ہیں۔ مرارجی دیسائی نے بطور وزیر خزانہ 10 بار بجٹ پیش کیا تھا۔ انہوں نے 1959 سے 1964 کے درمیان مسلسل پانچ مکمل بجٹ اور ایک عبوری بجٹ پیش کیا تھا، جبکہ 1967 سے 1969 کے درمیان مزید چار بجٹ پیش کیے تھے۔
مرارجی دیسائی کے بعد پی چدمبرم نے 9 بار بجٹ پیش کیا جبکہ پرنب مکھرجی نے 8 بار بجٹ پیش کیا تھا۔ آج نرملا سیتارمن آٹھویں بار بجٹ پیش کرکے پرنب مکھرجی کے ریکارڈ کی برابری کریں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیتارمن نے اپنے تمام بجٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں پیش کیے ہیں۔
نرملا سیتارمن 2019 میں ہندوستان کی دوسری خاتون وزیر خزانہ بنیں، ان سے قبل اندرا گاندھی نے 1970-71 کے دوران بجٹ پیش کیا تھا۔ سیتارمن نے اپنا پہلا مرکزی بجٹ 2019 میں پیش کیا تھا۔ 2019 سے 2024 کے درمیان انہوں نے دو عبوری اور چار مکمل بجٹ پیش کیے۔ 2024 کے عام انتخابات کے بعد انہوں نے 23 جولائی کو مالی سال 2024-25 کے لیے ساتواں بجٹ پیش کیا تھا، جس سے انہوں نے مرارجی دیسائی کے مسلسل چھ بار بجٹ پیش کرنے کے ریکارڈ کو توڑ دیا تھا۔
نرملا سیتارمن کے نام سب سے طویل بجٹ تقریر کا ریکارڈ بھی درج ہے۔ انہوں نے 2020-21 کے بجٹ میں 2 گھنٹے 42 منٹ طویل تقریر کی تھی۔ اس سے قبل 2019-20 کے بجٹ میں انہوں نے 2 گھنٹے 17 منٹ میں تقریر مکمل کی تھی۔ مالی سال 2021-22 میں ان کی تقریر 100 منٹ طویل تھی، جبکہ 2022-23 کے بجٹ میں انہوں نے 1 گھنٹہ 31 منٹ میں تقریر مکمل کی۔ 2023-24 کے بجٹ میں ان کی تقریر 1 گھنٹہ 25 منٹ تک محدود رہی جبکہ 2024 کے عبوری بجٹ میں ان کی تقریر 60 منٹ میں مکمل ہوئی۔ مالی سال 2024-25 میں ان کا بجٹ خطاب 1 گھنٹہ 25 منٹ طویل تھا۔
آج ایک بار پھر پورے ملک کی نظریں نرملا سیتارمن کے بجٹ تقریر پر مرکوز ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ آٹھویں بار بجٹ پیش کرتے وقت کتنی دیر تقریر کریں گی اور عوام کے لیے کیا خوش خبریاں سامنے آئیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔