3200کروڑ کے نئے گھوٹالہ کا پردہ فاش

ممبئی میں محکمہ انکم ٹیکس نے3200 کروڑ روپے کے ٹی ڈی ایس گھوٹالہ کا پردہ فاش کیا ہے ۔ الزام ہے کہ 447کمپنیوں نے اپنے ملازمین سے ٹی ڈی ایس تو کاٹ لیا لیکن اس کا پیسہ حکومت کے کھاتے میں جمع نہیں کرایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی این بی گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد ایک کے بعد ایک لگاتار نئے نئے گھوٹالہ سامنے آ رہے ہیں۔ اب ممبئی کے محکمہ انکم ٹیکس نے 3200کروڑ روپے کے ٹی ڈی ایس گھوٹالہ کا پردہ فاش کیاہے۔ اس معاملہ میں 447کمپنیوں پر ٹی ڈی ایس گھوٹالہ کا الزام لگا ہے۔ الزامات کے مطا بق ان کمپنیوں نے ملازمین کا ٹی ڈی ایس تو ان کی تنخواہ میں سے کاٹ لیا لیکن کاٹی گئی یہ رقم حکومت کے کھاتے میں جمع نہیں کی گئی۔ ٹی ڈ ی ایس کی اس رقم کو ان کمپنیوں نے اپنےکاروبار میں استعمال کیا۔ یہ معاملہ اپریل 2017سے مارچ 2018کے درمیان کا ہے۔

گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد ان کمپنیوں کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ انگریزی اخبار ’دی ٹائمس آف انڈیا‘ کی خبر کے مطابق اس معاملے میں ملزمین کے خلاف وارنٹ جاری کئے جا چکے ہیں۔ ان کمپنیوں میں فلم پروڈکشن ہاؤس اور انفراسٹرکچر کمپنیاں شامل ہیں۔

ضابطوں کے مطابق ملازمین سے ٹی ڈی ایس کاٹنے کے بعد پیسے کو مرکزی حکومت کے کھاتے میں جمع کرانا ہوتا ہے۔ پیسے کو تین ماہ کے اندر جمع کرایا جا سکتا ہے۔ کمپنیاں یہ پیسہ ای پیمنٹ یا بینک کی برانچ میں جمع کروا سکتی ہیں لیکن اس معاملہ میں کمپنیوں نے ٹی ڈی ایس تو کاٹ لیا لیکن پیسے کو جمع نہیں کرایا۔

ٹی ڈی ایس گھوٹالہ کی مجرم پائی جانے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ضابطوں کے مطابق ایسے معاملوں میں تین ماہ سے لے کر سات سال تک کی سزاہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔