مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس: ریزرو بینک نے ریپو ریٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی، 6.5 فیصد پر برقرار

ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس کی قیادت میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا دو ماہی جائزہ اجلاس 6 دسمبر کو شروع ہوا۔ آج یعنی جمعہ کو اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کا اعلان کیا گیا

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریزرو بینک کے گورنر شکتی کانت داس کی قیادت میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کا دو ماہی جائزہ اجلاس 6 دسمبر کو شروع ہوا۔ آج یعنی جمعہ کو اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کا اعلان کیا گیا۔ آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے بتایا کہ مرکزی بینک نے ریپو ریٹ کو 6.50 فیصد پر برقرار رکھا ہے۔ یہ لگاتار پانچواں موقع ہے کہ شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

ریپو ریٹ غیر تبدیل رہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے ہوم لون، کار لون اور دیگر لونز پر ای ایم آئی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا، ’’حالات پر غور کرنے کے بعد ایم پی سی کے تمام 5 ارکان نے متفقہ طور پر ریپو ریٹ کو 6.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

رپورٹ کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور معاشی نمو کو بڑھانے کے لیے موزوں موقف سے دستبرداری کا اپنا موقف برقرار رکھا ہے۔


دو ماہی مانیٹری پالیسی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا ’’عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک کی معیشت مضبوط ہے، ہماری بنیاد مستحکم ہے۔اہم اعداد و شمار جیسے جی ایس ٹی کلیکشن، پی ایم آئی (پرچیزنگ منیجر انڈیکس) مضبوط ہیں۔ ان تمام باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔‘‘

آر بی آئی نے اس سے قبل 2023-24 میں شرح نمو 6.5 فیصد رہنے امکان ظاہر کیا تھا۔رواں مالی سال میں خوردہ افراط زر کی شرح کا تخمینہ 5.4 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔