بینکوں کی حالت اور معیشت پر وہائٹ پیپر لائے حکومت: کانگریس

کانگریس نے بی جے پی حکومت پر معیشت کو چوپٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے گھوٹالوں کی وجہ سے بینکوں کی غیر منفعتی اثاثہ ( این پی اے) کافی بڑھ گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر معیشت کو چوپٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے گھوٹالوں کی وجہ سے بینکوں کی غیر منفعتی اثاثہ ( این پی اے) کافی بڑھ گیا ہے ، اس لئے بی جے پی کو اب جیت کے خمار سے باہر نکل کر ملک کی اقتصادی حالت پر وہائٹ پیپر جاری کرنا چاہئے اور صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان جے ویر شیر گل نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 27 ہزار 125 بینک گھوٹالے ہوئے ہیں جن میں ملک کے عوام کے ایک لاکھ 74 ہزار 790 كروڑ़ روپے پھنس گئے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں 6800 بینک گھوٹالے سامنے آئے ہیں جن میں 71 ہزار 500 کروڑ روپے کا غبن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے بی جے پی کو یہ قبول کرنا چاہئے کہ اس کی حکومت میں یہ گھوٹالے ہوئے ہیں اور پھر اسکینڈل روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانے اور بینک گھوٹالے بازوں کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے چاہئے۔ بینکوں میں بڑھتے این پی اے اور گھوٹالے روکنے کے لئے اس کی نگرانی کے نظام کو مضبوط کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بینک اسکینڈل پر ایک قرطاس ابیض جاری کرنا ہوگا اور گھوٹالے بازوں کے نام حکومت کو فوری عام کرنا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی سابقہ حکومت کے پانچ سال کی مدت کار میں مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی شرح میں انتہائی کمی آئی ہے اور بے روزگاری کی سطح 45 سال میں سب سے زیادہ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ حکومت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لئے مسلسل سرکاری اعداد و شمار كو چھپاتی رہی ہے لیکن اس بار حق اطلاعات کے تحت بینک گھوٹالوں کے سلسلے میں جو معلومات موصول ہوئی ہيں، وہ ملک کی معیشت کے لئے سب سے زیادہ مہلک اشارہ ہيں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jun 2019, 10:10 PM
/* */