ماروتی کو مارکیٹ سے واپس منگوانی پڑی 63 ہزار سے زائد کاریں

ماروتی سوزوکی نے جنوری 2020 سے اپنی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ دنوں کمپنی نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں خام مال کی بڑھتی لاگت کی وجہ سے قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور آٹو موبائل کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا کی جانب سے ایک انتہائی اہم خبر موصول ہو رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ماروتی سوزوکی انڈیا نے 63 ہزار سے زیادہ کاروں کو مارکیٹ سے واپس منگوا لیا۔ ماروتی کی جانب سے دی گئی جانکاری کے مطابق یہ قدم حفاظتی نقطہ نظر سے اٹھایا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سیاز، ایرٹیگا اور ایکس ایل 6 کے 63493 یونٹ کو ریکال کیا گیا ہے، یعنی مارکیٹ سے واپس منگوایا گیا ہے۔

ماروتی سوزوکی انڈیا نے میڈیا کو یہ جانکاری دی ہے کہ موٹر جنریٹر یونٹ میں خرابی کی وجہ سے بڑی تعداد میں کاروں کو مارکیٹ سے واپس منگوانے کا فیصلہ لیا گیا۔ ماروتی اب ان کاروں کے ماڈل کی جانچ کرے گی۔ اس کے لیے گاہکوں سے کوئی چارج بھی نہیں لیا جائے گا۔ اس خبر کے درمیان ماروتی کے شیئر میں تقریباً 2 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ جمعہ کو کاروبار کے آکری گھنٹوں مین ماروتی کا شیئر 1.79 فیصد نیچے چلا گیا۔


قابل غور ہے کہ ماروتی سوزوکی نے جنوری 2020 سے اپنی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ دنوں کمپنی نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں خام مال کی بڑھتی لاگت کی وجہ سے قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ حالانکہ کمپنی نے ابھی یہ انکشاف نہیں کیا کہ قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا جائے گا۔

اس درمیان ماروتی نے ہندوستانی بازار میں 2 کروڑ سے زیادہ کاریں فروخت کرنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ ماروتی نے یہ مقام 36 سال میں حاصل کیا ہے۔ ہندوستان میں کمپنی نے اپنی پہلی کار 14 دسمبر 1983 کو لانچ کیا تھا۔ یہ کار کمپنی کی سب سے مشہور ماروتی 800 تھی۔


بہر حال، گزشتہ نومبر مہینے میں سی این جی فلٹر اسمبلی میں خامی کی وجہ سے ہنڈئی نے اپنی 16409 کاروں کو واپس منگوایا تھا۔ کمپنی نے اس وقت بتایا تھا کہ گرانڈ آئی 10 اور ایکسینٹ کے کل 16409 سی این جی ماڈل واپس منگائے جا رہے ہیں۔ ہنڈئی کی یہ کاریں یکم اگست 2017 سے 30 ستمبر 2019 کے درمیان بنائی گئی ہیں اور ان سبھی کاروں میں فیکٹری فیٹیڈ سی این جی کِٹ دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔