جون سے متعدد مالیاتی ضابطے ہوں گے تبدیل، روزمرہ اخراجات ہوں گے متاثر
یکم جون سے پی ایف نکاسی، آدھار اپڈیٹ، کریڈٹ کارڈ چارج، ایل پی جی دام، ایف ڈی ریٹ اور یو پی آئی سمیت 8 بڑے مالیاتی ضوابط میں تبدیلی ہو رہی ہے، جو جیب پر اثر ڈال سکتی ہے

تصویر اے آئی
جون کا مہینہ مالیاتی طور پر کئی اہم تبدیلیاں لے کر آ رہا ہے، جو عام صارفین کی جیب پر سیدھا اثر ڈال سکتی ہیں۔ پی ایف نکاسی، آدھار کارڈ اپڈیٹ، کریڈٹ کارڈ چارجز، ایل پی جی کے دام، یو پی آئی نظام، ایف ڈی ریٹ اور میوچوئل فنڈز جیسے معاملات سے متعلق آٹھ اہم ضوابط میں یکم جون 2025 سے تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد جہاں سہولتوں کو بہتر بنانا ہے، وہیں کچھ اضافی بوجھ بھی صارفین پر پڑ سکتا ہے۔
ای پی ایف او 3.0 کا آغاز:
حکومت ای ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کا نیا ورژن ای پی ایف او 3.0 یکم جون سے لانچ کرنے کی تیاری میں ہے۔ اس نئے نظام کے تحت پی ایف نکاسی کا عمل آسان ہو جائے گا۔ صارفین اے ٹی ایم اور یو پی آئی کے ذریعے بھی پیسے نکال سکیں گے۔ اس نظام سے ملک کے 9 کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
آدھار اپڈیٹ مفت سروس ختم:
یو آئی ڈی اے آئی کی جانب سے آدھار اپڈیٹ کی مفت سہولت 14 جون تک دستیاب ہے۔ اس کے بعد اگر کوئی اپنا آدھار ڈیٹا اپڈیٹ کرانا چاہے گا تو اسے 50 روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔ اس لیے صارفین کو مشورہ ہے کہ وہ مقررہ مدت سے پہلے ہی اپنی تفصیلات اپڈیٹ کرا لیں۔
کریڈٹ کارڈ کے نئے اصول:
کوٹک مہندرا بینک کے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والوں کے لیے یکم جون سے بڑا جھٹکا ہو سکتا ہے۔ اگر آٹو ڈیبٹ ٹرانزیکشن ناکام ہوتا ہے تو 2 فیصد باؤنس چارج لاگو ہوگا، جو کم از کم 450 روپے اور زیادہ سے زیادہ 5000 روپے ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی کریڈٹ کارڈ کے فنانس چارجز میں بھی اضافہ کر کے اسے 3.75 فیصد ماہانہ (یعنی 45 فیصد سالانہ) کیا جا سکتا ہے۔
سی این جی، پی این جی اور اے ٹی ایف قیمتوں میں تبدیلی:
آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایندھن کی قیمتوں میں نظرثانی کرتی ہیں۔ مئی میں کچھ قیمتوں میں کمی آئی تھی اور جون کی ابتدا میں بھی سی این جی، پی این جی اور ایئر ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمتوں میں تبدیلی متوقع ہے۔
ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں:
جون کی پہلی تاریخ کو 14 کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر اور 19 کلو والے کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں بھی رد و بدل ہو سکتا ہے۔ مئی میں کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 17 روپے کمی کی گئی تھی۔ جون میں بھی کوئی نیا اعلان متوقع ہے۔
ایف ڈی کی شرح سود میں تبدیلی:
ریزرو بینک کی جانب سے ریپو ریٹ میں ممکنہ کمی کے پیش نظر کئی بینک فکسڈ ڈپازٹ کی شرحوں میں رد و بدل کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، سوریودیہ سمال فنانس بینک نے اپنی 5 سالہ ایف ڈی پر شرح سود 8.6 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کر دی ہے۔
میوچوئل فنڈ کے نئے ضابطے:
سیبی نے اوور نائٹ میوچوئل فنڈ اسکیمز کے لیے نیا کٹ آف وقت مقرر کیا ہے۔ یکم جون سے آف لائن ٹرانزیکشن کے لیے وقت 3 بجے دوپہر تک ہوگا جبکہ آن لائن آرڈرز 7 بجے شام تک کیے جا سکیں گے۔ اس کے بعد آنے والے آرڈرز اگلے ورکنگ ڈے پر شمار ہوں گے۔
یو پی آئی پر نیا اصول:
نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے یو پی آئی ٹرانزیکشنز کے لیے نیا قاعدہ متعارف کرایا ہے۔ اب صارفین کو ادائیگی کرتے وقت صرف اصل بینی فسریز کا بینکنگ نام ہی دکھائی دے گا۔ کوئی عرفی نام یا کیو آر کوڈ میں ترمیم شدہ تفصیل نظر نہیں آئے گی۔ یہ اصول 30 جون تک تمام یو پی آئی ایپس پر لاگو ہو جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔