ڈیزل-پٹرول کے بعد اب رسوئی گیس کی باری، سلنڈر 48 روپے مہنگا

تیل کی قیمتیں تو آسمان پر ہیں، اب رسوئی گیس کے سلنڈر میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، دہلی میں بغیر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت 48 روپے بڑھ گئی ہے۔ ادھر پٹرول آج 6 پیسے اور ڈیزل 5 پیسے سستہ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کرنے کے بعد اب رسوئی گیس (ایل پی جی) بھی مہنگی ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 2 روپے 34 پیسے اور بغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق موجودہ وقت میں ملک کے ہر 100 خاندانوں میں سے 81 کے پاس ایل پی جی کنکشن موجود ہے۔

اس اضافہ کے بعد دہلی میں لوگوں کو ایل پی جی سلنڈر کے لئے 493 روپے 55 پیسہ ادا کرنے ہوں گے۔ وہیں بغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کے لئے دہلی میں 698 روپے 50 پیسہ ادا کرنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ یکم مئی 2018 کو دہلی میں سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 491 روپے 21 پیسے تھی۔

ایل پی جی کے داموں میں اضافے کے بعد کولکاتہ میں سلنڈر کی قیمت 496.65 روپے، ممبئی میں 491.31 روپے، چینئی میں 481.84 روپے ہو گئی ہے جو پہلے کولکاتہ میں 494.23 روپے، ممبئی میں 488.94 روپے اور چینئی میں 479.42 روپے میں مل رہا تھا۔

بغیر سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بڑھ کر کولکاتہ میں 723.50 روپے، ممبئی میں 671.50 روپے، چینئ میں 712.50 ہو گئی ہے۔ اس طرح بغیر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت دہلی میں 48.50 روپے، کولکاتہ میں 49.50 روپے، ممبئی میں 48.50 روپے اور چینئی میں 49.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

پٹرول 6 پیسے اور ڈیزل 5 پیسے سستہ

پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کے ساتھ حکومت اور تیل کمپناں لگاتار مذاق کر رہی ہیں۔ 16 دن تک لگاتار قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بعد ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اب کمی کی جا رہی ہے لیکن وہ اتنی کم ہے کہ صارفین خود کو ٹھگا سا محسوس کر رہے ہیں۔ آج پٹرول کی قیمت 6 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 5 پیسے کم کی گئی ہے۔ قبل ازیں بدھ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک پیسے اور جمعرات کو پٹرول میں 7 پیسے اور ڈیزل میں 5 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔

حکومت کی طرف سے کہا یہ جا رہا ہے کہ چونکہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آ گئی ہے اس لئے عوام کو راحت دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔