ایپل نے تاریخ کا سب سے مہنگا ’آئی فون‘ کیا لانچ

دنیا بھر کے نوجوانوں کی توجہ کا مرکز آئی فون کی ایکس سیریز کو اپ گریڈ کرتے ہوئے آئی فون کے تین ماڈل ایکس ایس ، ایکس ایس میکس اور ایکس آر لانچ کئے گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے پروڈکٹس متعارف کر دیئے ہیں۔ امریکی شہر کیوپرٹنو واقع کمپنی کے صدر دفتر میں منعقدہ سالانہ تقریب میں بدھ کے روز ایپل نے تین نئے آئی فون اور جدید ایپ سمارٹ واچ (گھڑیاں) پیش کیں۔ دنیا بھر کے نوجوانوں کی خاص توجہ کا مرکز آئی فون کی ایکس سیریز کو اپ گریڈ کرتے ہوئے آئی فون ایکس ایس اور آئی فون ایکس ایس میکس کو لانچ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ سستا ماڈل آئی فون ایکس آر بھی لانچ کیا گیا ہے۔

آئی فون ایکس کے جو تین نئے اور طاقتور ماڈل متعارف کروائے گئے ہیں ان میں سے دو پہلے سے زیادہ بڑے ہیں۔ آئی فون ایکس ایس میکس نامی ماڈل کی اسکرین 6.5 انچ کی ہے جبکہ آئی فون ایکس ایس کی پرانے ماڈل جیسی 5.8 انچ اسکرین ہے۔ اسی طرح متعارف کرائے جانے والے تیسرے ماڈل آئی فون ایکس آر کی اسکرین تو 6.1 انچ ہے لیکن اس کی کوالٹی کم ہے۔ واضح رہے کہ ایپل نے اپنے دس سال مکمل ہونے پر ’ہوم بٹن ‘ کے بغیر اپنا نیا آئی فون متعارف کروایا تھا جسے ’آئی فونX‘ یا ’10‘ کا نام دیا گیا تھا۔

اس مرتبہ آئی فون کا سب سے مہنگا ماڈل آئی فون ایکس ایس میکس ہے جس کی قیمت 109000 (ایک لاکھ نو ہزار) سے شروع ہوتی ہے۔ آئی فون ایکس ایس کی قیمت 99900 (ننیانوے ہزار نو سو) جبکہ آئی فون ایکس آر کی قیمت 76900 (چھیتر ہزار نو سو) سے شروع ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ایپل کی جانب سے نئی اسمارٹ واچ بھی متعارف کروائی گئی ہے جس میں نیا ’فال ڈیٹیکشن‘ نامی فنکشن بھی شامل کیا گیا ہے۔ نئی اسمارٹ واچ میں شامل کیے جانے والے اس فنکشن کا کام یہ ہے کہ اگر اس اسمارٹ واچ کو پہننے والا شخص کہیں گر جاتا ہے تو یہ واچ خود ہی الرٹ جاری کر دے گی۔

چالیس ایم ایم واچ سیریز 4 کی قیمت 499 پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے جب کہ 44 ایم ایم 529 پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے۔

آئی فون ایکس سیریز کے نئے ماڈلز کی قیمت 999 پاؤنڈز سے شروع ہوتی ہے جو قدرے زیادہ سمجھی جا رہی ہے اور خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ شاید آئی فون ایکس اپنی زیادہ قیمت کی وجہ سے صارفین میں مقبولیت کھو دے۔ حالانکہ ایپل کا کہنا ہے کہ اس کے ایکس ماڈلز کم قیمت والےآئی فون 8 سے بھی زیادہ فروخت ہوئے ہیں۔

آئی فون ایکس ایس اور آئی فون ایکس ایس میکس ہندوستان میں 28 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔ وہیں آئی فون ایکس آر کی سیل 26 اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ پری-آرڈرس 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ٹیکنالوجی کمپنی ایپل دنیا کی وہ پہلی پبلک کمپنی بنی جس کی مالیت دس کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ دس کھرب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں ایپل نے سیلیکون ویلی میں اپنی حریف کمپنیوں جیسے ایمیزون اور مائیکروسافٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ان نئے موبائل فونز میں نیا پروسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور ایپل کا کہنا ہے کہ اس کا فیس آئی ڈی اب پہلے سے زیادہ تیز ہوگا۔ ایپل کی جانب سے باقاعدہ اعلان سے قبل ایسی افواہیں بھی گردش کر رہی تھیں کہ آئی فون کے نئے ماڈلز کی پشت پر تین کیمرے ہو سکتے ہیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔

ایپل نے ایکس ایس اور ایکس ایس میکس میں 12، 12 میگا پکسل کے دو کیمرے لگائے ہیں جب کہ ایکس آر میں صرف ایک ہی کیمرہ لگایا ہے۔ اس کے علاوہ آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس ایس ماڈلز او ایل ای ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہیں جبکہ واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنٹ کا فیچر بھی موجود ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2018, 12:13 PM