انفوسس کے سی ای او وِشال سکّا کا استعفیٰ

شیئر بازار کھلتے ہی محض 40 منٹ کے اندر انفوسس شیئر ہولڈروں کو 17 ہزار کروڑ کا نقصان

Getty images
Getty images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنیوں میں سے ایک انفوسس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو افسر وِشال سکّا نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد کمپنی کے شیئر ہولڈروں کو 40 منٹ کے اندر تقریباً 17 ہزار کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ وِشال کے استعفیٰ کے بعد فی الحال یو بی پروین راؤ کو عارضی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو افسر مقرر کیا گیا ہے۔ استعفیٰ کے بعد وِشال سکا نے کہا کہ ’’مینجمنٹ اور پرموٹرس کے ساتھ لگاتار نااتفاقی بڑھ رہی تھی اسی لیے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ 100 گھنٹے سے زیادہ ذہنی انتشار کا شکار رہا۔ میرے اچھے کام کو نظر انداز کیا گیا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ وِشال کی پرموٹرس اور مینجمنٹ کے ساتھ نااتفاقی کی خبریں لگاتار آ رہی تھیں اور کمپنی میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا تھا۔

وِشال سکا کے استعفیٰ کے بعد آج صبح جب شیئر بازار کھلے تو کمپنی کا شیئر 7 فیصد سے زیادہ ٹوٹ گیا۔ اس گراوٹ میں شیئر ہولڈروں کے تقریباً 17 ہزار کروڑ روپے محض 40 منٹ میں ڈوب گئے۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت شیئر ہولڈروں کو گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ کچھ وقت کا انتظار کرنا چاہیےتاکہ صحیح حالات کا پتہ چل سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے فنڈامنٹل سے متعلق کوئی پریشان نہیں ہے، اس لیے کسی بھی طرح کی گھبراہٹ کی کوئی بات نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔