مودی حکومت میں آٹو انڈسٹری پر بھی بحران کے بادل، ملازمتوں پر بھی خطرہ

اپریل ماہ میں ڈومیسٹک پسنجر وہیکل سیلس17 فیصد اور کار فروخت میں تقریباً20 فیصد کی گراوٹ درج ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو آگے چل کر اس سیکٹر میں ملازمتوں پر بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ملک کی آٹو انڈسٹری ان دنوں برے دور سے گزر رہی ہے۔ ملک میں پسنجر وہیکل اور کاروں کی فروخت کو لگاتار جھٹکا لگ رہا ہے۔ گزشتہ ماہ اپریل میں ڈومیسٹک پسنجر وہیکل سیلس 17 فیصد اور کار فروخت میں تقریباً 20 فیصد کی زبردست گراوٹ درج کی گئی۔ حالات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی آٹو کمپنی ماروتی سوزوکی کو پچھلے تین مہینوں میں اپنا پروڈکشن تقریباً 39 فیصد گھٹانا پڑا۔ آٹو انڈسٹری کے جانکاروں کا کہنا ہے کہ اگر ایسے ہی حالات رہے تو ملازمتوں پر بحران کے بادل منڈلا سکتے ہیں۔ فائنانشیل ایکسپریس کی خبر کے مطابق ملک میں کاروں کی فروخت کے ساتھ ساتھ ٹو وہیلر سیلس میں بھی کمی درج کی جا رہی ہے۔

آٹو موبائل سیکٹر کے ماہرین کے مطابق پسنجر وہیکل اور کاروں کی فروخت میں آئی اس بڑی گراوٹ کی وجہ این بی ایف سی میں لیکوئڈیٹی کی کمی، انتخابات کے سبب کسٹمرس کی جانب سے سنٹیمنٹ کمزور ہونا ہے۔ وہیں کمپنیوں کے ذریعہ پروڈکشن میں تخفیف کیے جانے پر ماہرین کا کہنا ہے کہ تخفیف کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں سے ایک وجہ تہواروں کے موسم میں تیار کیے گئے اسٹاک کا اب بھی موجود ہونا ہے۔ تہواروں میں فروخت اچھی نہیں رہی، جس کی وجہ سے ان کا اسٹاک فروخت نہیں ہو پایا۔ موجودہ وقت آٹو کمپنیوں کا انوینٹری کریکشن کا ٹائم ہے، اس لیے کمپنیاں پرانا اسٹاک موجودہ وقت میں نکال رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو آگے چل کر اس سیکٹر میں ملازمتوں پر خطرہ ہو سکتا ہے۔


واضح رہے کہ ملک میں پسنجر وہیکل یعنی سواری گاڑی کی فروخت میں اپریل مہینے میں 17 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ یہ اکتوبر 2011 کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ سوسائٹی آف انڈین آٹو موبائل مینوفیکچررس (ایس آئی اے ایم) کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کے مطابق مسافر گاڑیوں کی گھریلو بازار میں فروخت اپریل 2019 میں 17.07 فیصد گر کر 247541 یونٹ رہی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اپریل میں صرف 2 لاکھ 47 ہزار کے قریب ہی مسافر گاڑیوں کی فروخت ہوئی ہے۔ اس سے پہلے اپریل 2018 میں 298504 مسافر گاڑیوں کی فروخت ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔