سال 2024 کے پہلے مہینے میں 30 ہزار ٹیک ملازمین کی نوکریاں ختم

جنوری میں ہی 122 سے زیادہ ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس نے 30 ہزار سے زائد ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا اور ملازمتوں میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے

<div class="paragraphs"><p>ملازمین کی برطرفی / آئی اے این ایس</p></div>

ملازمین کی برطرفی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ٹیکنیکل ملازمین کے لیے سال 2024 کی شروعات اچھی نہیں رہیں، کیونکہ جنوری میں ہی 122 سے زیادہ ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس نے 30 ہزار سے زائد ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا اور ملازمتوں میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ملازمتوں کی کٹوتی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ لے آفس ڈاٹ فائی کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 122 ٹیکنالوجی کمپنیوں نے (3 فروری تک) 31751 ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس نے 2022 اور 2023 کے دوران 425000 سے زیادہ ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا، جبکہ اسی مدت کے اندر ہندوستان میں بھی 36000 سے زائد ملازمین کو نوکری سے نکالا گیا۔

ویڈیو کمیونیکیشن پلیٹ فارم زوم تقریباً 150 ملازمین، یا اپنے کل عملے کے 2 فیصد سے کچھ کم کو نکال رہا ہے۔ اسی طرح، کلاؤڈ سافٹ ویئر فروخت کنندہ اوکٹا نے بھی تقریباً 400 ملازمین، یا اپنے کارکنان کے 7 فیصد کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔


آن لائن ادائیگی کے گیٹ وے پے پال نے بھی گزشتہ ماہ نوکریوں میں کٹوتی شروع کر دی، جس سے اس کے عملے کے کم از کم 9 فیصد، تقریباً 2500 ملازمین متاثر ہوں گے۔ کنزیومر روبوٹ بنانے والی کمپنی آئی روبوٹ نے تقریباً 350 ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا اعلان کیا ہے، جو اس کے عملے کا تقریباً 31 فیصد ہے اور اس کے بانی اور سی ای او، کولن اینگل بھی اپنے عہدے سے دستبردار ہوں گے۔

انٹرپرائز سافٹ ویئر لیڈر سیلزفورس نے تقریباً 700 ملازمین کو نکال دیا ہے۔ آن لائن فوڈ ڈلیوری پلیٹ فارم سوئیگی اپنے عملے میں تقریباً 7 فیصد یعنی 350-400 نوکریوں کی کمی کر رہا ہے۔ ای کامرس پلیٹ فارم ای بے اپنے کل وقتی عملے کے 9 فیصد یعنی تقریباً 1000 ملازمین کو برخاست کر رہا ہے اور مستقبل میں مزید ٹھیکیداروں کو بھی نکالے گا۔

گوگل کی ملکیت یوٹیوب اپنی کریئیٹر مینجمنٹ اور آپریشن ٹیموں سے کم از کم 100 ملازمین کو نکال رہی ہے۔ تقریباً 1000 ملازمین کو نکالنے کے بعد گوگل اپنی اشتہاری فروخت ٹیم میں مزید 'چند سو' نوکریوں کی کمی کر رہی ہے۔


گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اس سال مزید نوکریوں میں کٹوتی کے لیے عملے کو تیار رہنے کی وارننگ دی ہے۔ عالمی ڈیٹا مینجمنٹ حل فراہم کنندہ وی ای ایم سافٹ ویئر نے تقریباً 300 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ پولیگون لیبز، جو لیئر-2 بلاک چین پولیگون کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرتی ہے، نے اپنے تقریباً 19 فیصد عملے یا 60 ملازمین کو نکال دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔