راحت کی خبر! ٹماٹر کی قیمت ان مقامات پر 80 روپے فی کلو! حکومت نے لیا اہم فیصلہ

گزشتہ ایک ماہ میں ٹماٹر کی خورہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اس وقت ملک بھر کی ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 150 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں

ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ٹماٹر، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کے کئی حصوں میں سیلاب اور بارشوں کے درمیان سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ خاص طور پر ٹماٹر سب سے مہنگا ہے۔ ٹماٹر کی قیمت 250 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکومت نے ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی خوردہ قیمت پر قابو پانے کے لیے، محکمہ برائے صارفین امور، خوراک کی وزارت نے سب سے پہلے 90 روپے فی کلو کی رعایتی شرح پر ٹماٹر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ اب حکومت نے ملک میں 500 سے زائد پوائنٹس کا از سر نو جائزہ لیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے آج یعنی 16 جولائی سے ٹماٹر 80 روپے فی کلو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این اے ایف ای ڈی اور این سی سی ایف کے ذریعے ٹماٹروں کی فروخت آج سے دہلی، نوئیڈا، کانپور، لکھنؤ، وارانسی، پٹنہ، مظفر پور اور بہار کے آرا کے کئی مقامات پر شروع ہو گئی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایسی جگہوں پر موجودہ بازار کی قیمتوں کی بنیاد پر اسے 17 جولائی سے مزید شہروں تک بڑھایا جائے گا۔


گزشتہ ایک ماہ میں ٹماٹر کی خورہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اس وقت ملک بھر کی ریٹیل مارکیٹ میں ٹماٹر 150 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت نے بڑے صارف مراکز پر ٹماٹر سستے داموں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ دنوں چنڈی گڑھ میں اس کی خوردہ قیمت 300 سے 350 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔ وہیں غازی آباد میں ٹماٹر 250 روپے فی کلو تک فروخت ہوئے۔ دہلی میں بھی ٹماٹر 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ دریں اثناء زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں ٹماٹر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور یہ 300 روپے فی کلو تک پہنچ سکتا ہے۔


ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان ہیں۔ محکمہ امور صارفین کے مطابق ملک کے کم از کم 54 شہروں میں ٹماٹر کی قیمت 150 روپے فی کلو یا اس سے زیادہ ہے۔ عالم یہ ہے کہ لوگوں نے سبزیوں میں ٹماٹر کا استعمال ہی بند کر دیا ہے یا پھر اس کا استعمال برائے نام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔