سونا چاندی کی گراوٹ جاری، 10 دن میں چاندی 30 ہزار روپے اور 7 دن میں سونا 8 ہزار روپے سستا
سونا اور چاندی دونوں میں زبردست گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ 10 دن میں چاندی 30 ہزار 350 روپے اور 7 دن میں سونا 8 ہزار 455 روپے سستا ہو گیا۔ 24 کیرٹ سونے کی قیمت اب 1,26,091 روپے فی 10 گرام ہے

نئی دہلی: دیوالی کے موقع پر بلند ترین سطح تک پہنچنے کے بعد اب سونا اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ درج کی جا رہی ہلے۔ بین الاقوامی بازار میں کمزور رجحان اور گھریلو سطح پر طلب میں کمی کے باعث قیمتی دھاتوں کی چمک مدھم پڑ گئی ہے۔
انڈیا بولین اینڈ جیولرس ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے مطابق آج چاندی کے دام 3,700 روپے فی کلو ٹوٹے ہیں جبکہ سونے کی قیمت میں 935 روپے فی 10 گرام کی کمی آئی ہے۔ اب 24 کیرٹ سونا 17 اکتوبر کی اپنی تاریخی بلندی سے 8,455 روپے سستا ہو چکا ہے۔ اسی طرح چاندی بھی 14 اکتوبر کی بلند ترین سطح سے 30,350 روپے نیچے آ چکی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق 24 کیرٹ سونا جی ایس ٹی سمیت 1,26,091 روپے فی 10 گرام کی قیمت پر دستیاب ہے جبکہ چاندی 1,52,182 روپے فی کلو تک گر گئی ہے۔ اس میں ابھی میکنگ چارج شامل نہیں ہے، جو زیورات خریدتے وقت قیمت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
آئی بی جے اے کے مطابق 23 اکتوبر کو 24 کیرٹ سونا بغیر جی ایس ٹی 1,23,354 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا تھا جبکہ چاندی 1,51,450 روپے فی کلو پر بند ہوئی تھی۔ آج کے روز سونا 1,22,419 روپے فی 10 گرام اور چاندی 1,47,750 روپے فی کلو کے ریٹ پر کھلی۔ ایسوسی ایشن دن میں دو بار قیمتیں جاری کرتی ہے، ایک دوپہر 12 بجے اور دوسری شام 5 بجے کے قریب۔
اگر کیرٹ کے حساب سے دیکھا جائے تو 23 کیرٹ سونا 934 روپے سستا ہو کر 1,21,926 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا ہے۔ جی ایس ٹی شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت 1,25,583 روپے ہو جاتی ہے۔ 22 کیرٹ سونا بھی 856 روپے گر کر 1,12,136 روپے فی 10 گرام پر آ گیا ہے، جو جی ایس ٹی سمیت 1,15,500 روپے بنتا ہے۔
اسی طرح 18 کیرٹ سونا 702 روپے کی کمی کے بعد 91,814 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا ہے اور جی ایس ٹی کے ساتھ اس کی قیمت 94,568 روپے ہو گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس گراوٹ کے باوجود سال 2025 میں سونا اب تک 46,679 روپے فی 10 گرام مہنگا ہو چکا ہے، جبکہ چاندی 61,733 روپے فی کلو بڑھ چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ کمی قلیل مدتی ہے اور عالمی سطح پر اقتصادی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کار اب بھی سونے کو محفوظ متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔