سونا-چاندی کی قیمتوں میں طوفانی اضافہ جاری، فی 10 گرام سونے کی قیمت 1.15 لاکھ روپے تک پہنچی

چاندی کی قیمت بھی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس سال سونے سے زیادہ ریٹرن دینے والی چاندی کی قیمت فی کلو 1.42 لاکھ روپے کو پار کر گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

سونا اور چاندی کی قیمتیوں میں تیزی سے اضافہ کا دور جاری ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ دونوں دھاتیں ریکارڈ توڑتی جا رہی ہیں۔ 10 گرام سونے کی قیمت جہاں ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج پر 1.15 لاکھ روپے کی حد کو پار کر گئی ہے وہیں گھریلو بازار میں بھی یہ طوفانی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف چاندی کی قیمتوں نے بھی سبھی کو حیران کیا ہوا ہے۔ ایم سی ایکس پر اس کی قیمت 1.42 لاکھ روپے فی کلو کو عبور کر چکی ہے۔ آیئے سونا-چاندی کی تازہ قیمت اور ہفتے بھر میں آئی اس میں تبدیلی پر نظر ڈالتے ہیں۔

سونے کی قیمتوں نے بین الاقوامی بازار سے لے کر گھریلو بازار تک طوفان مچا رکھا ہے۔ اس کی قیمتوں میں سال 2025 میں تابڑ توڑ اچھال آئی ہے۔ ایم سی ایکس پر 3 اکتوبر کی ایکسپائری والے فیوچر گولڈ کی شرح جمعہ کو 1,15,139 روپے فی 10 گرام کے لائف ٹائم ہائی لیول کو پہنچ گئی۔ حالانکہ اس کی کلوزنگ 1,14,909 روپے فی 10 گرام پر ہوئی۔ وہیں ہفتے بھر میں سونے کی قیمت میں تبدیلی پر غور کریں تو اس سے پہلے 19 ستمبر کو یہ 1,10,951 روپے پر تھی، ایسے میں اس کی قیمت 3,958 روپے فی 10 گرام بڑھی ہے۔


ایم سی ایکس کی طرح ہی گھریلو بازار میں بھی سونے کی قیمت میں بڑا اُچھال دیکھنے کو ملا ہے۔ انڈین بُلین جوئیلرس ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ ibja.com پر اَپڈیٹ کی گئی شرح کے مطابق 10 گرام 24 قیراط گولڈ ریٹ 1,13,262 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ اس سے پہلے 23 ستمبر کو ہی اس نے 1,14,314 روپے کی اپنی سب سے اونچی سطح چھوئی تھی۔ ہفتے بھر میں اس کی قیمتوں میں  آئے فرق پر نظر ڈالیں تو اس کوالیٹی کا گولڈ 3487 روپے مہنگا ہوا ہے جبکہ گزشتہ 19 ستمبر کو 10 گرام سونا 1,09,775 روپے کا تھا۔ دیگر کوالیٹی کے سونے کی قیمت بھی تیزی سے بڑھی ہے۔

واضح رہے کہ انڈین بُلین جوئیلرس ایسو سی ایشن کی ویب سائٹ پر اَپڈیٹ کیے جانے والے یہ گولڈ ریٹ ملک بھر میں یکساں ہوتے ہیں، لیکن جب آپ جوئیلری شاپ پر زیورات خریدنے کے لیے جاتے ہیں تو پھر اس پر نافذ 3 فیصد جی ایس ٹی کے ساتھ ہی میکنگ چارج بھی دینا ہوتا ہے جو مختلف شہروں میں الگ الگ ہو سکتا ہے۔ ایسے میں اس کی قیمت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔


جہاں ایک طرف سونا طوفانی موڈ میں ہے وہیں دوسری طرف چاندی کی قیمت بھی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس سال سونے سے زیادہ ریٹرن دینے والی چاندی نے بھی ہر روز اپنے پرانے ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ قائم رکھا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو گھریلو بازار میں 1 کلو چاندی کی قیمت بڑھ کر 1,38,100 روپے تک پہنچ گئی، تو وہیں ایم سی ایکس پر 5 اکتوبر کی ایکسپائری والی چاندی کی وعدہ قیمت 1.42 لاکھ روپے کو پار کر گئی اور 1,42,147 روپے فی کلو پر بند ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔