’کریڈٹ-ڈپازٹ میں فرق سے نقدی بحران پیدا ہونے کا اندیشہ‘، آر بی آئی گورنر نے بینکوں کو کیا آگاہ

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل بہت ہی خواہش پرست ہے اور وہ الگ الگ مارکیٹس میں سرمایہ کاری کو لے کر متوجہ ہو رہے ہیں۔

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس / تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے ایک بار پھر بینکوں میں گھٹتے ڈپازٹ پر اپنی فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے بینکوں کو قرض دینے کی رفتار اور ڈپازٹ پر گہری نگاہ رکھنے کی ہدایت دی ہے تاکہ بینکنگ سسٹم میں کسی بھی طرح کے نقدی بحران کا اندیشہ ختم کیا جا سکے۔ یہ بیان آر بی گورنر نے این ڈی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران دیا ہے۔

شکتی کانت داس نے انٹرویو کے دوران کہا کہ آج کی نوجوان نسل بہت ہی خواہش پرست ہے اور وہ الگ الگ مارکیٹس میں سرمایہ کاری کو لے کر متوجہ ہو رہے ہیں۔ اس میں کوئی برائی نہیں ہے، یہ عام بات ہے اور کچھ معنوں میں مثبت بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بینکوں کو اس حالت کے مدنظر محتاط کر رہے ہیں کہ وہ حالات پر نظر بنائے رکھیں۔ ابھی کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن آنے والے دنوں میں یہ اسٹرکچرل نقدی بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔


آر بی آئی گورنر کا کہنا ہے کہ بینکوں کو اینوویٹو پروڈکٹس اور سروس آفرنگ کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ڈپازٹ کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے سبب کریڈٹ گروتھ اور ڈسبرسمنٹ میں تیزی آئی ہے، لیکن ڈپازٹ گروتھ کے لیے فزیکل چینلز پر انحصار زیادہ ہے جس سے وہ کم رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب آر بی آئی گورنر نے بینکوں میں گھٹتے ڈپازٹس کو لے کر فکر کا اظہار کیا ہے۔ 8 اگست 2024 میں مانیٹری پالیسی کے اعلان کے دوران بھی انھوں نے بینکوں کو ڈپازٹس لبھانے کے لیے کہا تھا۔ گزشتہ ماہ بھی آر بی آئی گورنر نے کہا تھا کہ کریڈٹ گروتھ ڈپازٹ گروتھ سے آگے نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ ڈپازٹ موبلائزیشن کریڈٹ گروتھ کے مقابلے کچھ وقت سے پچھڑتا جا رہا ہے، اس سے سسٹم اسٹرکچرل نقدی ایشوز پر ایکسپوز ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔