دہلی میں 95 سال پرانا لوٹینس بنگلہ 310 کروڑ میں فروخت، لکشمی متل کا کنکشن سامنے آیا
اے پی جے عبدالکلام روڈ پر 3540 مربع گز پر پھیلا 95 سال پرانا بنگلہ 310 کروڑ میں فروخت ہوا۔ رجسٹری جون میں ہوئی اور تقریباً 22 کروڑ روپے اسٹیمپ ڈیوٹی دی گئی، سودے کا تعلق لکشمی متل سے ہے

دہلی کے رئیل اِسٹیٹ بازار میں ایک بڑے سودے مارکیٹ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ یہ سودا لوٹینس دہلی کے سب سے مہنگے علاقے میں سے ایک میں ہوا ہے، جہاں 310 کروڑ روپے میں ایک عالیشان بنگلہ فروخت ہوا ہے۔ یہ سودا ثابت کرتا ہے کہ پریمیم پروپرٹیز کی مانگ ابھی بھی مضبوط بنی ہوئی ہے۔
’آج تک‘ کی خبر کے مطابق ممبئی واقع جنٹیکس مرچنٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ نے دہلی کے اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع 3540 مربع گز کا ایک بنگلہ 310 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ یہ کمپنی اسٹیل کاروباری لکشمی متل سے جڑی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس بنگلے کی رجسٹری جون کے مہینے میں ہوئی تھی جس کے لیے تقریباً 22 کروڑ روپے کی اسٹیمپ ڈیوٹی دی گئی ہے۔
اس بنگلے کی تعمیر الور کے ایک شاہی خاندان نے 1930 میں کرائی تھی۔ اس کے مالک یشونت سنگھ تھے، جنہیں لوگ الور کے مہاراج کمار یشونت سنگھ کے نام سے جانتے ہیں۔ یشونت سنگھ نے اسی سال کی شروعات میں دہلی کے گولف لنکس علاقے میں بھی 100 کروڑ روپے کا ایک بنگلہ خریدا تھا۔ 3540 مربع گز یعنی 31860 مربع فٹ میں پھیلے اس بنگلے کا سودا فی مربع گز 8.75 لاکھ روپے کے حساب سے ہوا ہے۔ لوٹینس بنگلہ زون (ایل بی زیڈ) میں چاروں طرف ہریالی اور پرانے زمانے کی عمارتیں ہیں۔ یہاں کنسٹرکشن اور مرمت کے سخت ضابطے ہیں تاکہ اس کی پرانی پہچان بنی رہے۔
گزشتہ کچھ سالوں میں اس علاقے میں 200 سے 400 کروڑ روپے تک کے بنگلے فروخت ہوئے ہیں، انہیں خریدنے والوں میں بڑے کارپوریٹ گھرانے، ٹیک کمپنیوں کے مالک اور پرانے کاروباری کنبے شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بنگلہ خریدنے والی کمپنی جنٹیکس مرچنٹس پرائیویٹ لمیٹد کے ایک ڈائریکٹر سورج کمار کانوڑیا ہیں۔ اس معاملے پر جنٹیکس مرچنٹنس (Gentex Merchants) نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، وہیں لکشمی متل کی طرف سے بھی کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔
بڑے بڑے کارباری لیڈرس اور امیر لوگوں کے لیے یہ علاقہ کافی پسندیدہ رہا ہے۔ اسی سال کی شروعات میں کرائز کیپٹل کے پارٹنر سنجے ککریجا اور ان کی اہلیہ شویتا شرما نے گولف لنکس علاقے میں 155 کروڑ روپے کی پراپرٹی خریدی ہے۔ شویتا شرما سینٹرل اسکوائر فاؤنڈیشن کی سی ای او ہیں۔ انسل گروپ کے پرموٹر سشیل انسل کی اہلیہ کسم انسل نے فیروز شاہ روڈ پر اپنا بنگلہ 241 کروڑ روپے میں فروخت کیا، اسے یاتاہ انٹر پرائزز نام کی گجرات کی ایک کمپنی نے خریدا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔