پانچ ہفتوں میں 9 گنا بڑھ گئے کورونا کیسز، مرکزی حکومت نے ریاستوں کو دی ’4 ٹی‘ پر توجہ دینے کی ہدایت

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1590 لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے، اس دوران 6 متاثرین کی موت بھی ہو گئی، گزشتہ 146 دنوں میں یہ کورونا کے ایک دن کا سب سے زیادہ کیس ہے۔

کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
کورونا وائرس/ آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کورونا کے کیسز ایک بار پھر رفتار پکڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل اور وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح کے سکریٹری راجیش بھوشن نے بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر ریاستوں کو چٹھی لکھ کر کچھ اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ خط میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی جانچ میں تیزی لائیں اور حالات پر سخت نگرانی رکھیں۔

دراصل گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1590 لوگوں میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس دوران 6 متاثرین کی موت بھی ہو گئی۔ گزشتہ 146 دنوں میں یہ کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیس ہے۔ وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح کے مطابق گزشتہ پانچ ہفتوں میں ملک میں انفیکشن کے معاملوں میں 9 گنا تک اضافہ ہوا ہے۔ انفیکشن کے بڑھتے جوکھم کو دیکھتے ہوئے وزارت نے سبھی ریاستوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کووڈ سے مقابلے کے لیے ’چار ٹی‘ یعنی ٹیسٹ-ٹریک-ٹریٹ-ٹیکہ کاری پر توجہ دیں۔ ساتھ ہی کووڈ موافق رویہ پر عمل یقینی بنانے پر بھی دھیان دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ ہندوستان میں اومیکرون کے XBB.1.18 سَب ویریئنٹ کو بڑھتے معاملوں کے لیے ذمہ دار مانا جا رہا ہے۔ اس کے انفیکشن کی شرح دیگر ویریئنٹس کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اس نئے ویریئنٹ کی امیون اسکیپ یعنی جسم میں بنی قوت مدافعت کو چکما دینے کی صلاحیت اسے کئی معاملوں میں فکر انگیز بناتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔