چندا کوچر کے خلاف سی بی آئی نے مقدمہ درج کیا، چار مقامات پر چھاپے ماری

چندا کوچر، ان کے شوہر دیپک کوچر اور ویڈیوکون گروپ کے خلاف مقدمے درج کیے جانے کے بعد مہاراشٹر کے ممبئی اور اورنگ آباد میں واقع نوپاور اور ویڈیوکون کے چار دفاتر پر چھاپہ ماری کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) نے بدعنوانی کے معاملے میں آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او چندا کوچر، ان کے شوہر دیپک کوچر اور ویڈیوکون گروپ کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

سی بی آئی ذارائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ کوچر، ان کے شوہر اور وی این دھوت کے علاوہ نوپاور رینیوایبلس لمیٹیڈ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان تمام کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 120 (بی)، 420 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی شق 7، 13 (دو) اور 13 (ایک) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد مہاراشٹر کے ممبئی اور اورنگ آباد میں واقع نوپاور اور ویڈیوکون کے چار دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔

الزام ہے کہ وینو گوپال دھوت نے 2012 میں آئی سی آئی سی آئی سے 3250 کروڑ رورپیے کا قرض لیا اور اسی قرض کی رقم سے نوپاورلمٹیڈ میں سرمایہ کاری کی گئی۔ چندہ کوچر کے شوہر دیپک کوچر نوپاور رینیوایبلس کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ سی بی آئی نے اس معاملے میں وی این دھوت، دیپک کوچر اور نامعلوم افراد کے خلاف 10 ماہ پہلے ایک ابتدائی تفتیش شروع کی تھی۔

کیا ہے معاملہ؟

آئی سی آئی سی آئی بینک اور ویڈیوکون کے شیئر ہولڈر اروند گپتا نے وزیر اعظم، ریزرو بینک اور سیبی کو خط لکھ کر ویڈیوکون کے صدر وینوگوپال دھوت اور آئی سی آئی سی آئی کی سی ای او و ایم ڈی چندا کوچر پر ایک دوسرے کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ دعوی ہے کہ دھوت کی کمپنی ویڈیوکون کو آئی سی آئی سی آئی بینک سے 3250 کروڑ روپے کا لون دیا گیا اور اس کے عوض میں چندا کوچر کے شوہر دیپک کوچر کی کمپنی ’نوپاور‘ میں سرمایہ کاری کی۔

الزام ہے کہ اس طرح چندا کوچر نے اپنے شوہر کی کمپنی کے لئے وینو گوپال دھوت کو فائدہ پہنچایا۔ سال 2018 میں یہ انکشاف ہونے کے بعد چندا کوچر کو بینک سے استعفی دینا پڑا تھا۔ سی بی آئی نے پہلے فروری 2018 میں اس معاملہ میں ابتدائی تفتیش (پی ای) درج کی تھی۔ جس کے بعد اب جانچ ایجنسی نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ویڈیوکون کو لون دینے کے معاملہ میں چندا کوچر کے کردار پر بھی سوال اٹھے تھے، ایسے حالات میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ان کے خاندان کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔