نقدی بحران کےلئے لوگ خود ذمہ دار: ایس بی آئی چیئرمین

ملک کے کئی حصوں میں نقد رقم کی قلت کے معاملے پر مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ یہ حکومت نظم و نسق چلانے پر توجہ دینے کی بجائے ہر وقت سیاست کرنے میں لگی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

19 Apr 2018, 4:08 PM

نقدی کی کمی کےلئے لوگ ذمہ دار:ایس بی آئی چیئرمین

اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی)کے چیئرمین رجنیش کمار کا کہنا ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں پیدا ہوئے نقدی کے مسئلہ کے لئے لوگ ذمہ دار ہیں۔ رجنیش کمار نے ایک اجلاس کے دوران یہ بات کہی۔

نقدی بحران پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رجنیشن نے کہاکہ ’’اس کے لئے لوگ ذمہ دار ہیں ۔ہم بینک سے پیسے نکال رہے ہیں، لیکن اسے واپس بینک میں جمع نہیں کرارہے ہیں۔ ایسی صورت میں اتنے بڑے ملک میں کتنے بھی نوٹ کم پڑ جائیں گے۔‘‘

ملک کے سب سے بڑے بینک کے سربراہ نے کہا کہ اس کے علاوہ نقدی کی کمی کے کچھ دیگر اسباب بھی ہوسکتے ہیں۔گزشتہ دوسہ ماہیوں میں معیشت کی رفتاربڑھی ہے۔ اس سے لوگوں نے زیادہ پیسے نکالے ہیں۔ ساتھ ہی ایک طرف کسانوں کو انکی فصل کی ادائیگی کے لئے آڑھتی پیسے نکال رہے ہیں تودوسری طرف کسان بھی اگلی فصل کی تیاری کےلئے پیسے نکال رہے ہیں۔ کمار نے حالانکہ یہ بھی کہاکہ اس کی کوئی ایک وجہ بتانا مشکل ہے اور ہم صرف اندازہ ہی لگاسکتے ہیں ۔
(یو این آئی)

19 Apr 2018, 1:43 PM

کیش لیس مہم فیل ہونے سے پیدا ہوا نقدی بحران: ایس بی آئی

نقدی بحران کے حوالے سے ایس بی آئی کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی ہے جو نقدی بحران کی حقیقت بیان کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں جتنی نقد کی آمد ہونی چاہئے تھی اتنی نہیں ہوئی اور نتیجتاً 70 ہزار کروڑ کی کمی بنی ہوئی ہے۔ ایس بی آئی کا کہنا ہے کہ کیش لیس لین دین میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے۔

ایس بی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ وقت میں نقدی کی جو کمی محسوس کی جا رہی ہے اس کی وجہ 200 روپے کے نوٹوں کی چھپائی میں تیزی لانا ہو سکتی ہے۔ جس کے بعد چھوٹے نوٹوں کی مانگ میں تبدیلی آئی اور بڑے نوٹوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ان کا استعمال کیا جانے لگا۔ علاوہ ازیں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم کو وقت وقت پر پُر کرنا ہوتا ہے اس وجہ سے بھی نقدی کی قلت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

19 Apr 2018, 7:14 AM

اے ٹی ایم میں نقد ی کا بحران منصوبہ بند سازش: کانگریس

کانگریس ترجمان پرینکا چترویدی نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ نریندر مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے یہ دقت پیدا ہوئی ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں کے اے ٹی ایم میں نقد ی کی کمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’بی جے پی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ملک ’کیش لیس‘ ہوگا اور یہ واقعی میں اب ہوچکا ہے اور بی جے پی سب سے بڑی نقد والی پارٹی بن چکی ہے۔‘‘

انہوں نے نومبر 2016 میں ہوئی نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس کے پیچھے بدعنوانی کو ختم کرنے کا حوالہ دیا تھا لیکن اس کے بعد بدعنوانی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ ’’بدعنوانی کو دور کرنے کے بجائے بی جے پی کے اثاثوں اور اسے ملنے والے چندے میں 80 گنا بڑھوتری ہوئی ہے اور ہر كوئی آسانی سے سمجھ سکتا ہے کہ فی الحال فائدہ کس کوہوا ہے۔ ملک کی متعدد ریاستوں کے اے ٹی ایم میں نقد رقم کی کمی کا بحران اچانک پیدا نہیں ہوا ہے بلکہ یہ مرکزی حکومت کی منظم سازش ہے۔‘‘


19 Apr 2018, 6:30 AM

نقد ی بحران کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہيں: کانگریس

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ملک میں اے ٹی ایم خالی پڑے ہیں اور حکومت بہانے بنانے میں لگی ہوئی ہے۔ وہ 24 گھنٹے مختلف مسائل پر سیاست کر رہی ہے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔

کھیڑا نے کہا کہ اس وقت بینکوں کو روزانہ نقد رقم کی ضرورت کا چھٹا حصہ ہی فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے جب اس سلسلے میں پوچھا جا تا ہے تو اس کے پاس یہ کہنے کے علاوہ اور کوئی جواب نہیں ہے کہ یہ عارضی بحران ہے۔ موجودہ حالات میں لوگ بینکوں میں جمع اپنے پیسے کے لئے بھی غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں بینکو ں کی منفعت بخش پراپرٹی (این پی اے) 4.8 لاکھ کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ پارلیمنٹ کی ایک کمیٹی نے کل ریزرو بینک کے گورنر سے بڑھتے این پی اے پر سوال بھی پو چھا ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ریزرو بینک کافی لمبا وقت گزر جانے کے بعد بھی ملک کو اب تک یہ نہیں بتا پایا ہے کہ نوٹ بندی کے بعد کتنی رقم بینکو ں میں واپس آئی ہے۔

(یو این آئی)

19 Apr 2018, 6:45 AM

تلنگانہ میں نقدی کی صورتحال کوبہتربنانے کے لیے اقدامات

اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے چیف جنرل منیجر سوامی ناتھن نے کہا ہے کہ نقد رقم فراہم کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ حیدرآباد میں جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بینک نے پہلے ہی کیاش منیجمنٹ کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے اور تلنگانہ میں نقدی کی صورتحال کوبہتربنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ہند، ریزروبینک اور دیگر بینک مشترکہ طورپراقدامات کررہے ہیں تاکہ تلنگانہ جیسی ریاستوں میں نقدی کی قلت کے مسئلہ سے نمٹا جاسکے۔

(یو این آئی)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔