آتشی کا بی جے پی حکومت پر حملہ، کہا- ’بجٹ کا جھوٹ بے نقاب‘
آتشی نے بی جے پی حکومت کے بجٹ کو جملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی حکم کے مطابق، حکومت اپریل میں صرف 5 فیصد بجٹ خرچ کر سکتی ہے، جس سے سال بھر کا بجٹ 60,000 کروڑ ہی بنتا ہے، نہ کہ ایک لاکھ کروڑ

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کی رہنما آتشی نے بی جے پی حکومت کے بجٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے دہلی کی تاریخ کا سب سے بڑا ’جھوٹا بجٹ‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 1 لاکھ کروڑ کے بجٹ کا دعویٰ کیا ہے، لیکن مالیاتی حقائق کچھ اور ہی تصویر پیش کر رہے ہیں۔
آتشی نے دعویٰ کیا کہ 31 مارچ کو دہلی حکومت کے مالیاتی محکمے سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق، اپریل میں کسی بھی محکمہ کو صرف 5 فیصد بجٹ خرچ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اگر یہی فارمولا پورے سال پر لاگو کیا جائے، تو حکومت صرف 60,000 کروڑ روپے ہی خرچ کر سکتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب حکومت کے پاس 60,000 کروڑ سے زیادہ خرچ کرنے کی گنجائش ہی نہیں، تو 1 لاکھ کروڑ کا بجٹ کیسے ممکن ہے؟
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے 1 لاکھ کروڑ کے بجٹ کا صرف اعلان کیا، جبکہ حقیقت میں یہ بجٹ 78,000 کروڑ روپے کا ہے۔ آتشی کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت کے اپنے مالیاتی محکمے نے ہی اس ’جھوٹے بجٹ‘ کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس 60,000 کروڑ سے زیادہ کا ریونیو نہیں ہے اور اس کے باوجود 1 لاکھ کروڑ کے بجٹ کا اعلان محض جملہ بازی ہے۔ آتشی نے حکومت پر عوام کو گمراہ کرنے اور جھوٹے اعداد و شمار کی بنیاد پر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کا الزام لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے مالیاتی حکم سے صاف ظاہر ہے کہ بی جے پی حکومت دہلی کے عوام کو محض فریب دے رہی ہے۔ اگر پورے سال کے حساب سے اخراجات 60,000 کروڑ تک محدود ہیں، تو 1 لاکھ کروڑ کے بجٹ کی حقیقت کیا ہے؟ انہوں نے حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالیاتی بے ضابطگیاں دہلی کے عوام کے ساتھ ایک بہت بڑا دھوکہ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔