جی ایس ٹی کے فائدے گنائے جا رہے لیکن بازار ویران، بھوپیش بگھیل کا بی جے پی پر نشانہ
سابق وزیراعلیٰ چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے فائدے گنائے جا رہے ہیں مگر بازار ویران ہیں۔ انہوں نے نکسلیوں، لداخ اور حکومت کی پالیسیوں پر بھی سوال اٹھائے

رائے پور: چھتیس گڑھ کے سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما بھوپیش بگھیل نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی کے فائدے گناتی پھر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک کے بازار سنسان ہیں اور عوام حکومت کی باتوں کو سننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بگھیل کے مطابق بی جے پی کی پالیسیوں نے معیشت کو بُری طرح متاثر کیا ہے اور عام آدمی کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی رہنما کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی پر غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں۔ بگھیل نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اصل میں تشدد کی سیاست میں یقین رکھتی ہے اور راہل گاندھی کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے بعض رہنما غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ پارٹی نے اب تک ان بیانات پر کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ ان کے مطابق یہ معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں اس کا نوٹس لیں۔
وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ بیان پر بھی بگھیل نے طنز کیا۔ امت شاہ نے کہا تھا کہ اگر نکسلی ہتھیار ڈالیں گے تو ان کا ’ریڈ کارپٹ‘ بچھا کر استقبال کیا جائے گا۔ بگھیل نے سوال اٹھایا کہ اب تک کتنے نکسلیوں کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا؟ حقیقت یہ ہے کہ زمینی سطح پر کچھ بھی نہیں ہوا اور صرف بیانات دیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر بھی بگھیل نے سخت ردعمل ظاہر کیا جس میں مودی نے کہا تھا کہ بی جے پی-این ڈی اے حکومتوں نے ملک کو نئے طرز کا گڈ گورننس ماڈل دیا ہے۔ بگھیل نے کہا کہ ووٹ چُرا کر بنی حکومت میں اخلاقی جرات کا فقدان ہے۔ ان کے مطابق جنگلات کو بے دریغ کاٹا جا رہا ہے، کسان یوریا کی شدید قلت سے دوچار ہیں، لیکن حکومت کو ان مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
لداخ کے معاملے پر بھی بگھیل نے بی جے پی کو گھیرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں گزشتہ پانچ سال سے عوامی تحریک جاری ہے لیکن حکومت نے سنجیدگی سے بات نہیں کی۔ انہوں نے سماجی کارکن سونم وانگچک کی گرفتاری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ دہلی آئے تھے تو حکومت نے ان سے ملاقات کیوں نہیں کی؟ بگھیل نے یاد دلایا کہ بی جے پی نے ہی لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک اس پر کوئی عمل نہیں کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔