مہنگائی کا ایک اور جھٹکا! دہلی-این سی آر میں سی این جی کے داموں میں اضافہ

مہنگائی نے ایک بار پھر عام آدمی کی جیب پر کاری ضرب لگائی ہے۔ دہلی-این سی آر میں پٹرول-ڈیزل کے بعد اب لوگوں کو سی این جی اور پی این جی کے لئے بھی زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی

سی این جی /  آئی اے این ایس
سی این جی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عام آدمی پر مہنگائی کی لگاتار مار پڑ رہی ہے۔ پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گھریلو پی این جی کے داموں میں ایک روپے فی ایس سی ایم اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم، بڑھی ہوئی قیمتیں پورے ملک میں لاگو نہیں ہوں گی بلکہ دہلی اور اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر میں لاگو ہوں گی۔ اس کے علاوہ راجدھانی دہلی میں سی این جی کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سی این جی اور پی این جی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 24 مارچ یعنی آج سے ہوگا۔ اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) کے مطابق 24 مارچ سے دہلی اور گوتم بدھ نگر میں گھریلو پی این جی کے داموں میں ایک روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب دہلی میں پی این جی 36.61 روپے سے بڑھ کر 37.61 روپے فی ایس سی ایم ہو گئی۔ جبکہ گوتم بدھ نگر کے لوگوں کو پی این جی گیس کے لئے 35.86 روپے فی ایس سی ایم ادا کرنے ہوں گے۔


وہیں، دہلی میں لوگوں کو سی این جی کی زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ دہلی میں جمعرات سے 59.01 روپے کے بجائے اب لوگوں کو 59.51 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دہلی میں مسلسل دوسرے دن پٹرول اور ڈیزل کی خوردہ قیمت میں 80-80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں اب ڈیزل کی قیمت 88.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پٹرول کی قیمت 97.01 فی لیٹر ہو گئی ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت میں 85 پیسے اور کولکاتا میں 83 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت بڑھ کر 111.67 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اس سے قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ دہلی، ممبئی اور دیگر شہروں میں منگل سے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 50 روپے سے زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ گھریلو ایل پی جی کے داموں میں یہ 6 اکتوبر 2021 کے بعد پہلا اضافہ ہے۔ اس ماہ کے شروع میں تیل کمپنیوں نے 19 کلو کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 105 روپے کا اضافہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔