اڈانی پر ہنڈن برگ کا ایک اور الزام، ’سوئس بینکوں میں جمع گروپ کے 2600 کروڑ روپے ضبط کر لیے گئے!‘

اڈانی گروپ نے بیان جاری کر کے الزامات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اڈانی گروپ کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کی عدالت میں اس کے خلاف کوئی مقدمہ زیر التوا نہیں ہے

<div class="paragraphs"><p>اڈانی، ہنڈن برگ / سوشل میڈیا</p></div>

اڈانی، ہنڈن برگ / سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ہِنڈن برگ ریسرچ نے اڈانی گروپ پر ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے تازہ الزامات عائد کیے ہیں۔ اس بار، ہِنڈن برگ نے سوئس میڈیا آؤٹ لیٹ گوتھم سٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سوئس حکام نے اڈانی گروپ کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں متعدد سوئس بینک اکاؤنٹس میں موجود 310 ملین ڈالر (تقریباً 2600 کروڑ روپے) کو منجمد کر دیا ہے۔

ایکس پر 12 ستمبر کو ایک پوسٹ میں ہِنڈن برگ نے بتایا کہ یہ تحقیقات 2021 سے جاری ہیں اور ان میں اڈانی گروپ سے متعلق مشتبہ آف شور اداروں سے جڑے مالی معاملات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف، اڈانی گروپ نے ان الزامات کو مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔


اڈانی گروپ نے میڈیا میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کی کسی عدالت میں اس کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں چل رہا ہے اور نہ ہی سوئس حکام نے اس کے کسی بینک اکاؤنٹ کو منجمد کیا ہے۔ انہوں نے ان خبروں کو بالکل بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مخصوص گروپ کی طرف سے ان کی ساکھ اور مارکیٹ ویلیو کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

یاد رہے کہ 24 جنوری 2023 کو ہِنڈن برگ ریسرچ نے اڈانی گروپ کے خلاف ایک رپورٹ شائع کی تھی، جس میں اڈانی گروپ پر بڑے پیمانے پر کارپوریٹ بدعنوانی اور شیئر کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کے الزامات لگائے گئے تھے۔ رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرز میں زبردست کمی دیکھنے کو ملی تھی۔