دہلی: شراب کے بعد پٹرول-ڈیزل کی قیمت بھی آسمان پر، کورونا سے پریشان عوام حیران

دہلی حکومت نے پٹرول-ڈیزل پر ویٹ میں خاصہ اضافہ کیا ہے۔ پٹرول پر جہاں ویٹ 27 فیصد سے بڑھا كر 30 فیصد کر دیا گیا ہے، وہیں ڈیزل پر ویٹ 16.76 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی کی کیجریوال حکومت نے شراب پر 70 فیصد کورونا ٹیکس لگانے کے بعد اب پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ کر دیا ہے جس سے کورونا سے پہلے ہی سے پریشان عوام حیران نظر آ رہی ہے۔ دراصل کیجریوال حکومت نے پٹرول 1.67 روپے اور ڈیزل 7.10 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے۔

دہلی حکومت نے دونوں ایندھن پرویلیو ایڈیڈ ٹیکس (ویٹ) میں خاصہ اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے قیمتیں آسمان پر چلی گئی ہیں۔ پٹرول پر جہاں ویٹ 27 فیصد سے بڑھاكر 30 فیصد کر دیا گیا ہے، وہیں ڈیزل پر ویٹ 16.76 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دیا گیا ہے۔


ویٹ میں اضافہ کے بعد دہلی میں ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 69.29 روپے فی لیٹر اور پٹرول کی قیمت 71.26 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایندھن کی بڑھی ہوئی قیمتیں فوری طور پر یعنی منگل سے نافذ ہو گئی ہیں۔ لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کے بعد جو لوگ سرکاری یا پرائیویٹ دفاتر میں کام کرنے اپنی گاڑیوں سے جانا شروع کر چکے ہیں یا شروع کرنے والے ہیں، ان کو پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ویسے ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی طرح کے معاشی مسائل پیدا ہو گئے ہیں، اور اب اس طرح مہنگائی بڑھنے سے مزید دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔


واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی حکومت نے شراب کی بوتل پر 70 فیصد ’خصوصی کورونا ٹیکس‘ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی حکومت کے ذرائع نے پیر کی رات اس کی اطلاع دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کے روز دہلی میں شراب کی بوتل پر پرنٹیڈ زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت پر 70 فیصد ’خصوصی کورونا ٹیکس‘ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ حکم منگل کے روز سے دہلی میں فروخت کی جانے والی شراب پر نافذ ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔