آدھی رات کو سلمان خان کے گھر میں داخل ہونے والی خاتون کون ہے؟ پولیس کو دیئے سنسنی خیز بیانات
اداکار سلمان خان کے گھر میں آدھی رات گھسنے والی خاتون اداکارہ نکلی، جس نے پولیس پوچھ گچھ میں بتایا کہ وہ مداح ہے اور اداکار سے ملنے آئی تھی

ممبئی میں بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ 'گلیکسی اپارٹمنٹ' میں آدھی رات کے وقت داخل ہونے کی کوشش کرنے والی خاتون کے بارے میں پولیس کو دی گئی تفصیلات نے سب کو چونکا دیا ہے۔ اس خاتون کی شناخت 32 سالہ ایشا چھابڑا کے طور پر ہوئی ہے، جو ماضی میں کچھ کناڈا فلموں میں سائیڈ رول ادا کر چکی ہے اور کمرشل اشتہارات میں بھی کام کر چکی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ 21 مئی کی صبح تقریباً 3:30 بجے پیش آیا جب ایشا سلمان خان کے اپارٹمنٹ کے گیٹ پر پہنچی۔ وہاں موجود سکیورٹی گارڈ سے اس نے کہا کہ وہ عمارت کی چوتھی منزل پر جانا چاہتی ہے۔ گارڈ نے اسے اندر جانے دیا لیکن ایشا سیدھی لفٹ کے ذریعے تیسری منزل پر گئی اور پھر وہاں سے پہلی منزل پر پہنچی جہاں سلمان خان کا فلیٹ واقع ہے۔
پہلی منزل پر پہنچ کر ایشا نے دروازے کی گھنٹی بجائی لیکن اندر سے کسی نے دروازہ نہیں کھولا۔ اسی دوران اوپر سے ایک اور سکیورٹی گارڈ نیچے آیا اور اسے وہاں دیکھ کر چونک گیا۔ چونکہ ایشا کو کوئی نہیں پہچانتا تھا، اس نے اس سے پوچھا کہ وہ کون ہے اور یہاں کیا کر رہی ہے۔ اس پر ایشا نے جواب دیا کہ وہ سلمان خان سے ملنے آئی ہے اور انہیں خود بلایا ہے۔ بعد ازاں وہ فوراً لفٹ لے کر نیچے آئی اور عمارت سے باہر نکل گئی۔
پولیس نے جب ایِشا کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ وہ سلمان خان کی مداح ہے اور محض ان سے ملاقات کے لیے آئی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد کوئی نقصان پہنچانا نہیں تھا بلکہ صرف اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنا چاہتی تھی۔
مزید تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ایشا چھابڑا سال 2016 سے ممبئی میں رہ رہی ہے اور حال ہی میں باندرہ کے علاقے میں منتقل ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال خاتون کے رویے میں کسی قسم کی مشکوک بات یا مجرمانہ ارادہ ظاہر نہیں ہوا ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ واقعی یہ سب صرف جذباتی مداح ہونے کا نتیجہ تھا۔
یہ واقعہ سلمان خان کی سکیورٹی پر بھی سوالات کھڑے کر گیا ہے۔ حالیہ برسوں میں اداکار کو کئی بار دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ان کی سیکورٹی میں خاصا اضافہ کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد امکان ہے کہ سکیورٹی انتظامات میں مزید سختی کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔