خوش آمدید 2025: اس سال ’لاہور 1947‘ اور ’سکندر‘ سمیت کئی بڑی فلمیں ہوں گی ریلیز، ’باغی-4‘ بھی قطار میں

1947 میں ہند-پاک تقسیم پر مرکوز فلم ’لاہور 1947‘ 24 جنوری کو ریلیز ہوگی، اس میں عامر خان، سنی دیول، پریتی زنٹا اور شبانہ اعظمی اہم کردار نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

فلم شائقین کے لیے 2024 نہایت شاندار ثابت ہوا۔ سال کے آخر میں بھی فلم ’پشپا 2‘ نے ریکارڈ کا انبار لگا دیا۔ کچھ ایسی ہی امید 2025 سے بھی کی جا رہی ہے۔ اس سال کئی بڑی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں اور 10 جنوری سے اس کی شروعات بھی ہو جائے گی۔ 10 جنوری کو فلم ’فتح‘ ریلیز ہوگی جس میں سونو سود اور جیکلین فرنانڈیز اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ پھر 17 جنوری کو فلم ’آزاد‘ دستک دے گی جس میں اجئے دیوگن اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ اس فلم میں اجئے کے بھتیجے امن دیوگن اور روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا تھڈانی بھی نظر آئیں گے۔ کنگنا رانوت کی دیرینہ فلم ’ایمرجنسی‘ بھی 17 جنوری کو ہی ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں کنگنا سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے کردار میں دکھائی دیں گی۔ فلم میں ان کے ساتھ انوپم کھیر اور شریئس تلپڑے بھی ہیں۔

جنوری ماہ میں ریلیز ہونے والی ایک بڑی فلم ’لاہور 1947‘ بھی ہے۔ یہ فلم بڑے پردے پر 24 جنوری کو ریلیز ہوگی اور اس کا پس منظر ہند-پاک تقسیم پر مبنی ہے۔ اس فلم میں عامر خان، سنی دیول، پریتی زنٹا اور شبانہ اعظمی اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔ اسی دن اکشے کمار کی سچی کہانی سے متاثر فضائیہ پر مبنی فلم ’اسکائی فورس‘ بھی ریلیز ہوگی۔ فلم میں اکشے کے ساتھ نمرت کور، سارہ علی خان اور ویر پہاڑیا بھی دکھائی دیں گے۔ 31 جنوری کو فلم ’دیوا‘ ریلیز ہوگی جس میں شاہد کپور، پوجا ہیگڑے اور پاویل گلاٹی اہم کرداروں میں ہیں۔ پاور ہاؤس اداکاروں سے مزین فلم ’دیوا‘ ایک بڑی ڈرامہ فلم ہے۔ یہ ایک باغی پولیس افسر کے ارد گرد گھومتی کہانی ہے۔


دنیش وجین کی ’میڈکاک فلمز‘ بینر تلے بنی دیرینہ فلم ’چھاوا‘ 14 فروری کو سنیما گھروں میں دستک دے گی۔ چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے کردار میں وکی کوشل دکھائی دیں گے۔ ریلیز کی تاریخ چھترپتی شیواجی مہاراج کی جینتی (19 فروری) کے قریب ہے۔ ’چھاوا‘ ایک پیریڈ ڈرامہ فلم ہے جو ہندوستانی تاریخ کے ایک حصے کو سلور اسکرین پر پیش کرے گی۔ اجئے دیوگن کی بلاک بسٹر فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل ’ریڈ 2‘ بھی اسی سال بڑے پردے پر دیکھنے کو ملے گی۔ اس میں ناظرین کو سسپنس، ایکشن اور ڈراما سب دیکھنے کو ملے گا۔ یہ فلم 21 فروری 2025 کو ریلیز ہوگی۔

سلمان خان کی اداکاری والی دیرینہ فلم ’سکندر‘ بھی 2025 میں ہی ریلیز ہوگی۔ اے آر مروگداس کی ہدایت کاری والی اس ہائی بجٹ ایکشن سے بھرپور فلم میں اداکارہ رشمیکا مندانا بھی دکھائی دیں گی۔ ان کے علاوہ شرمن جوشی، کاجل اگروال اور پرتیک ببر جیسے اداکار بھی اہم کردار نبھاتے دکھائی دیں گے۔ کرائم تھرلر یہ فلم قانون اور بدانتظامی کے درمیان پھنسے ایک شخص کے سفر کو بیان کرتی ہے۔ ٹائیگر شراف کی فلم ’باغی 4‘ بھی ہلچل مچانے کے لیے تیار ہے۔ یہ فلم 5 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اے. ہرشا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں سنجے دت ویلن بنے ہیں۔ اداکاروں کے دلچسپ لُک نے پہلے ہی خوب سرخیاں بٹوری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔