اداکار اچیوت پوتدار کا 91 سال کی عمر میں انتقال، ’تھری ایڈیٹس‘ کے ڈائیلاگ ’ارے کہنا کیا چاہتے ہو‘ نے دی تھی نئی شناخت
بالی ووڈ اور مراٹھی فلموں کے ممتاز اداکار اچیوت پوتدار کا 91 برس کی عمر میں انتقال ہویا۔ ’تھری ایڈیٹس‘ کا ان کا ڈائیلاگ آج بھی یادگار ہے۔ وہ فوجی افسر اور انڈین آئل ملازم رہنے کے بعد اداکار بنے

ممبئی: بالی ووڈ اور مراٹھی سینما کے ممتاز اداکار اچیوت پوتدار 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ وقت سے علیل تھے اور پیر کی شام ممبئی کے قریب تھانے کے جوپیٹر اسپتال میں انہوں نے آخری سانس لی۔ اہل خانہ کے مطابق انہیں اچانک بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا لیکن علاج کے دوران ان کی طبیعت مسلسل بگڑتی گئی۔ ان کے انتقال کی خبر نے پورے فلمی دنیا کو غم میں ڈوبا دیا ہے۔
اچیوت پوتدار اپنی زندگی میں ایک مثال بنے رہے۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ خواب دیکھنے اور انہیں پورا کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ اداکاری میں آنے سے پہلے وہ ہندوستانی فوج میں افسر کی حیثیت سے ملک کی خدمت کر چکے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے انڈین آئل کارپوریشن میں بھی کئی برس ملازمت کی۔ مگر ان کے دل میں اداکاری کا شوق ہمیشہ زندہ رہا۔ یہی وجہ ہے کہ 44 برس کی عمر میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی محنت و لگن کے ذریعے ہر کردار میں نیا رنگ بھرا۔
ان کی فلمی زندگی بے حد متنوع رہی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 125 سے زیادہ فلموں میں کام کیا اور ہر کردار کو بھرپور سچائی سے نبھایا۔ ان کی فلموگرافی میں ’تیزاب‘، ’پرندہ‘، ’دل والے‘، ’دامنی‘، ’لگے رہو منا بھائی‘، ’پرینیٹا‘، ’فراری کی سواری‘، ’دبنگ 2‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔ ‘تھری ایڈیٹس‘ میں ان کا پروفیسر کا کردار چھوٹا ضرور تھا لیکن اپنے اثر میں بڑا ثابت ہوا۔ ان کا مشہور ڈائیلاگ ’ارے کہنا کیا چاہتے ہو‘ آج بھی سوشل میڈیا پر میمز کے ذریعے بار بار یاد کیا جاتا ہے اور ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کرتا ہے۔
فلموں کے ساتھ ساتھ پوتدار نے چھوٹی اسکرین پر بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے ’بھارت ایک کھوج‘ اور ’واگلے کی دنیا‘ جیسے مقبول ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری کے ذریعے ناظرین کو متاثر کیا۔ تھیٹر کی دنیا میں بھی ان کا اہم مقام رہا جہاں وہ ستیہ دیو دوبے، وجیا مہتا اور سُلبھا دیش پانڈے جیسے بڑے فنکاروں کے ساتھ جڑے رہے۔ ان کے کام کو ہمیشہ سنجیدہ اداکاری اور حقیقی اظہار کے طور پر یاد کیا جائے گا۔
ان کے انتقال کی خبر ان کی بیٹی انورادھا پارسکر نے دی اور بتایا کہ ان کا آخری رسومات منگل کی شام تھانے میں ادا کی جائیں گی۔ ان کے جانے سے بالی ووڈ اور مراٹھی سینما ایک ایسے فنکار سے محروم ہو گیا ہے جو کردار کو حقیقت کا رنگ دینے میں کمال رکھتا تھا۔
اچیوت پوتدار کی زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ جذبہ اور لگن ہو تو عمر کوئی رکاوٹ نہیں بنتی۔ فوجی افسر سے ایک سرکاری ملازم اور پھر فلمی دنیا کے کامیاب اداکار بننے تک کا ان کا سفر نئی نسل کے لیے تحریک کا ذریعہ رہے گا۔ ان کا ڈائیلاگ ہی نہیں بلکہ ان کی پوری شخصیت آنے والے وقتوں میں یاد رکھی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔