کسی فلم کی کامیابی بڑے بجٹ پر منحصر نہیں ہوتی: عامر خان

عامر خان نے کہا کہ کسی بھی فلم کی کامیابی اور ناکامی کا انحصار اس کے بجٹ پر نہیں ہوتا۔ آپ چاہے پانچ کروڑ کے بجٹ والی فلم بنائیں یا 100 کروڑ روپے کی، اس سے شائقین کو کوئی فرق نہیں پڑتا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ کے ’مسٹر پر فیکشنسٹ‘ عامر خان کا کہنا ہے کہ ساتھی فنکاروں کے اچھا کام کرنے سے انہیں خوشی ملتی ہے۔ حالیہ دور میں شاہ رخ خان، عامر اور سلمان خان جیسے سپراسٹارس کی فلمیں بھی فلاپ رہی ہیں۔ اسی دوران کچھ کم بجٹ والی فلموں نے ناظرین اور فلم ناقدین کی تعریف حاصل کی ہے جبکہ ان فلموں میں کوئی بڑا فنکار مرکزی کردار میں نہیں تھا۔ آیوشمان کھرانہ، وکی کوشل، راجکمار راؤ جیسے اداکاروں کی فلمیں اس کی بہترین مثال ہیں۔

عامر سے پوچھا گیا کہ جب آپ دوسرے ستاروں کو سال میں ایک سے زیادہ فلمیں کرتے دیکھتے ہیں تو کیا غیرمحفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اس کے جواب میں عامر نے کہا ’’کبھی نہیں، جب میں اپنے ساتھیوں کو اچھا کام کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ ايوشمان کھرانہ بہت عمدہ کام کر رہے ہیں اور میں ان کی فلمیں بطور شائقین دیکھنا چاہتا ہوں۔ ہم سب اپنے آپ میں منفرد ہیں۔ ایسے میں مجھے ان میں سے کسی سے بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔


عامر سے جب پوچھا گیا کہ کیا اب بڑے بجٹ اور بڑے ستاروں کے نام فلموں کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہے، اس کے جواب میں انہوں نے کہا ’’ہم اپنا سو فیصد دیتے ہیں لیکن متعدد مرتبہ چیزیں کام نہیں کرتیں۔ کسی بھی فلم کی کامیابی اور ناکامی کا انحصار اس کے بجٹ پر نہیں ہوتا۔ آپ چاہے پانچ کروڑ کے بجٹ والی فلم بنائیں یا 100 کروڑ روپے والی، اس سے شائقین کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہیں فلم دیکھنی ہے نہ کہ بیلنس شیٹ چیک کرنی ہے۔ اگر فلم انہیں پسند آتی ہے تو وہ باکس آفس پر اچھا مظاہرہ کرتی ہے، چاہے چھوٹے بجٹ کی ہو یا بڑے بجٹ کی۔‘‘

واضح رہے کہ عامر ان دنوں فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ میں کام کر رہے ہیں۔ یہ فلم آئندہ برس کرسمس کے موقع پر ریلیز ہوگی۔ حال عامر خان کی اس آنے والی فلم کا فرسٹ لُک جاری کیا گیا ہے۔ جس میں عامر خان ایک سردار کے رول میں نظر آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Nov 2019, 5:11 PM