سوشانت کی دولت سے بے خبر تھے اہل خانہ، ریا پر پھر بھی لگا دیئے سنگین الزامات!

سوشانت کی موت کے فوراً بعد ان کے والد کے کے سنگھ نے پٹنہ میں درج کرائی ایف آئی آر میں ریا چکرورتی کے خلاف سوشانت کو خودکشی کے لئے اکسانے، ٹھگی کرنے اور ذہنی طور پر پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ نے میڈیا میں بارہا کہا کہ ریا چکرورتی نے ان کے بیٹے کی دولت ہڑپ لی ہے۔ سوشانت کے والد نے تو 15 کروڑ کی رقم ہڑپ لینے کی بات کہی تھی لیکن ای ڈی کی طرف سے دو مہینے کی طویل تحقیقات کے بعد انکشاف کیا گیا ہے کہ اہل خانہ کو سوشانت کی دولت کے بارے میں معلومات نہیں تھیں اور اس طرح کے تمام دعوے بے بنیاد تھے۔

انگریزی روزنامہ ’ممبئی مرر‘ کی رپورٹ کے مطابق سوشانت کے کھاتوں کے بڑے لین دین کے حوالہ سے کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا ہے جس پر شک کیا جا سکتے، تاہم کھاتوں سے کیے جانے والے چھوٹے لین دین کے حوالہ سے تحقیقات ابھی جاری ہے۔


خیال رہے کہ سوشانت کی موت کے فوراً بعد ان کے والد کے کے سنگھ نے پٹنہ میں درج کرائی ایف آئی آر میں ریا چکرورتی کے خلاف سوشانت کو خودکشی کے لئے اکسانے، ٹھگی کرنے اور ذہنی طور پر پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ ریا کو پوری طورح سے گھیرنے کی نیت سے انہوں نے ریا کے والد اور بھائی کے نام بھی ایف آئی آر میں درج کرا دیئے تھے۔

بعد ازاں، ریا سے ای ڈی نے کئی مرتبہ گھنٹوں پوچھ گچھ کی لیکن انہوں نے خود پر عائد پیسوں کی ہیرا پھیری کے تمام الزمات کی تردید کی۔ ریا نے کہا کہ انہوں نے سوشانت کے کھاتے سے کبھی کوئی رقم نہیں چرائی اور جو کچھ بھی خرچ کیا وہ اپنی آمدنی میں سے کیا۔ ریا کے اہل خانہ کی املاک کی بھی جانچ کی گئی لیکن سوشانت کے پیسے ہڑپنے کا کہیں کوئی ثبوت نہیں ملا۔


ممبئی مرر نے ذرائع کے حوالہ سے لکھا ہے، ’’ایسا لگتا ہے کہ سوشانت کے اہل خانہ اس معاملہ میں غلط فہمی کا شکار تھے۔ ان کے کنبہ کو ان کی دولت یا وہ اپنی دولت کو کس طرح خرچ کرتے تھے، اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔ ای ڈی کو سوشانت کے کھاتہ سے ریا کے کھاتوں میں کسی بھی طرح کا براہ راست یا مشکوک لین دین نہیں ملا ہے۔‘‘

ادھر، سوشانت کے اہل خانہ کے وکیل وکاس سنگھ نے کہا کہ سوشانت کے اہل خانہ کو ان کی دولت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے کبھی پیسوں کے معاملہ میں مداخلت کرنے یا کنٹرول کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا ای ڈی کی جانچ جاری ہے اور جانچ پوری ہونے کے بعد اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے جانچ ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ اس بات کی جانچ کریں کہ آیا سوشانت کی دولت میں سے کچھ حصہ ملزم ریا کو گیا ہے یا نہیں؟‘‘


اسی طرح سوشانت کے اہل خانہ بارہا یہ کہہ رہے تھے کہ سوشانت کا قتل ہوا ہے اور انہوں نے سی بی آئی سے جانچ کرانے پر لگاتار زور دیا تھا۔ اب جبکہ ایمس کے ڈاکٹروں کے پینل نے صاف طور پر اور سی بی آئی نے اشارہ دیا ہے کہ معاملہ قتل کا نہیں بلکہ خود کشی کا ہی ہے، تو بھی اہل خانہ قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

ایمس کے پینل نے سی بی آئی کو سونپی گئی اپنی رپورٹ میں اداکار کو زہر دیئے جانے یا گلا گھونٹنے کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔ سی بی آئی جانچ میں بھی سوشانت کی طرف سے خود کشی کیے جانے کے اشارے ملے ہیں۔ اسی طرح اب ای ڈی کو پیسوں کی ہیرا پھیری کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ سوشانت کے کنبہ کے وکیل خود یہ کہہ رہے ہیں کہ اہل خانہ کو سوشانت کے پیسوں کے معاملہ کی معلومات نہیں تھیں تو سوال یہ پیدا ہو رہا ہے کہ انہوں نے اس ریا چکرورتی پر 15 کرورڑ روپے کی ٹھگی کرنے جیسے من گڑھت الزامات آخر کیوں عائد کیے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔