تلگو فلم انڈسٹری میں اجرتوں کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا، فیڈریشن کی مکمل ہڑتال کی دھمکی
تلگو فلم انڈسٹری کے سنیما ورکرز نے 30 فیصد اجرت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فیڈریشن نے تمام یونینز کے لیے مساوی اضافہ نہ ہونے پر مکمل ہڑتال کی دھمکی دی، مذاکرات ناکام ہونے پر شوٹنگ رک جانے کا خدشہ ہے

حیدرآباد میں تلگو فلم انڈسٹری کے سینما ورکرز نے اجرتوں میں اضافہ نہ ہونے پر احتجاج تیز کر دیا ہے۔ تلگو فلم انڈسٹری ایمپلائز فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پیر سے فلموں کی شوٹنگ مکمل طور پر روک دی جائے گی۔
اتوار کو فیڈریشن کے دفتر کے باہر بڑی تعداد میں ملازمین جمع ہوئے اور اپنے حق میں نعرے لگائے۔ اس احتجاج میں فیڈریشن سے وابستہ تمام 24 یونینز کے نمائندے اور کارکن شریک تھے۔ فیڈریشن کے صدر انیل ولّبھ نینی نے واضح کیا کہ اگر فلم پروڈیوسرز کے ساتھ بات چیت میں مثبت نتیجہ نہ نکلا تو تمام شوٹنگز بند کر دی جائیں گی۔ البتہ پہلے سے طے شدہ شوٹنگ شیڈول کے لیے چند دن کی مہلت دی جائے گی تاکہ فوری نقصان سے بچا جا سکے لیکن پروڈیوسرز کو مذاکرات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
فیڈریشن نے پروڈیوسرز کے اُس تجویز کو مسترد کر دیا ہے جس میں صرف 13 یونینز کے لیے اجرت میں اضافہ کی پیشکش کی گئی تھی۔ فیڈریشن نے اسے یونینز میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ابتدا میں فیڈریشن نے 30 فیصد تنخواہوں کے اضافے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم اب اس میں نظرثانی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ کچھ یونینز کو اضافہ دے کر باقی کو نظرانداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
فیڈریشن کے مطابق تلگو فلم انڈسٹری میں تقریباً 10 ہزار دیہاڑی دار ملازمین کام کرتے ہیں، اس لیے تمام کے لیے مساوی اجرت میں اضافہ ناگزیر ہے۔ پروڈیوسرز نے صرف اُن ملازمین کے لیے اضافہ تجویز کیا ہے جن کی یومیہ اجرت 1500 روپے ہے، جبکہ 2500 روپے روزانہ کمانے والے ملازمین کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
فلم پروڈیوسر ٹی جی وشو پرساد نے خبردار کیا ہے کہ ہڑتال سے انہیں 1.5 کروڑ روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے فیڈریشن کے عہدیداروں کو قانونی نوٹس بھی بھیجا ہے۔ اس پر انیل ولّبھ نینی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی انفرادی پروڈیوسر سے نہیں بلکہ تلگو فلم چیمبر آف کامرس سے بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک معاملہ عدالت میں ہے وہ وشو پرساد کی فلموں کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔
فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی تلنگانہ کے وزیر برائے سینماٹوگرافی کوماٹی ریڈی وینکٹ ریڈی سے ملاقات کر کے اپنی مانگیں پیش کی جائیں گی۔
دوسری طرف پروڈیوسر گِلڈ نے کم اجرت والے ملازمین کے لیے پہلے سال 15 سے 20 فیصد اور اگلے دو سالوں میں 5-5 فیصد اضافے کا فارمولا پیش کیا ہے۔
اسی دوران، معروف اداکار میگا اسٹار چیرنجیوی نے اس خبر کی تردید کی ہے کہ وہ ہڑتال کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر وضاحت دی کہ ان کی فیڈریشن سے کسی نے ملاقات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے کوئی یقین دہانی کرائی ہے۔ چیرنجیوی نے کہا کہ یہ انڈسٹری کا اندرونی مسئلہ ہے اور اس کا حل فلم چیمبر کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں کو گمراہ کن اور غلط قرار دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔