تلنگانہ اسمبلی انتخابات: حیدرآباد میں ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں لگیں ’ٹالی ووڈ‘ کی ہستیاں

ووٹنگ کی اہمیت پر لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے فلمی شخصیات کو جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز کے پولنگ اسٹیشنوں پر قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے دیکھا گیا

<div class="paragraphs"><p>تلنگانہ ووٹنگ / آئی اے این ایس</p></div>

تلنگانہ ووٹنگ / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے جمعرات کو ٹالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں کھڑے دیکھا گیا۔ ووٹنگ کی اہمیت پر لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے فلمی شخصیات کو جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز کے پولنگ اسٹیشنوں پر قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے دیکھا گیا۔ میگا اسٹار چرنجیوی، جونیئر این ٹی آر، الو ارجن، ونکٹیش اور ناگارجن ان مقبول ستاروں میں شامل تھے، جنہوں نے ابتدائی اوقات میں اپنا ووٹ ڈالا۔

چرنجیوی اپنی بیوی اور بیٹی کے ساتھ جوبلی ہلز کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے پہنچے، انہوں نے ایپا کی پوشاک زیب تن کی ہوئی تھی۔ جونیئر این ٹی آر اپنی بیوی اور ماں کے ساتھ جوبلی ہلز اوبل ریڈی پبلک اسکول میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

پشپا فیم الو ارجن بی ایس این ایل پولنگ بوتھ پر ابتدائی ووٹروں میں شامل تھے۔ مشہور ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی اور ان کی بیوی راما نے شیک پیٹ انٹرنیشنل اسکول میں اپنا ووٹ ڈالا۔


ناگارجن، ان کی اہلیہ املا اور بیٹے ناگا چیتنیا نے بھی اپنا ووٹ ڈالا۔ اداکار نتن، پونم کور، کاویہ، سائی دھرم تیج، ہدایت کار سوکمار اور تیجا اور میوزک ڈائریکٹر کیروانی نے بھی اپنا ووٹ ڈالا۔

معروف ہدایت کار راگھویندر راؤ نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کہا کہ طلبہ کو اسکول کی سطح سے ہی ووٹنگ کی اہمیت کے بارے میں بتایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کا سبق اسکول کے نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے۔

اداکار شیواجی راجہ نے کہا کہ شہری ووٹنگ کے دن کو چھٹی کے طور پر نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بامقصد بنانے کے لیے شہری باہر نکلیں اور ووٹ دیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر کوئی شہری مسلسل دو انتخابات میں ووٹ ڈالنے میں ناکام رہتا ہے تو اس کے پاسپورٹ اور دیگر شناختی دستاویزات کو کالعدم قرار دے دیا جاما چاہئے۔

ڈائریکٹر ہریش شنکر نے ایکس پر پوسٹ کیا کیا کہ انگلی کو پانچ سال تک اٹھانے سے بہتر ہے کہ دو سیکنڈ تک استعمال کیا جائے۔ 2018 میں کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والے پروڈیوسر بندلا گنیش نے رنگاریڈی ضلع کے شاد نگر میں اپنا ووٹ ڈالا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔