سورج بڑجاتیہ: گھریلو، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنانے والے فلم ساز

سال 1994 میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کو لے کر فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔ اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی

سورج بڑجاتیہ، تصویر آئی اے این ایس
سورج بڑجاتیہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ میں سورج بڑجاتیہ کا ایک ایسے فلم ساز کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے گھریلو، صاف ستھری اور دل کو چھو لینے والی فلمیں بنا کر ناظرین کے دلوں میں اپنی ایک خاص شناخت قائم کی 22 فروری 1964 کو ممبئی میں پیدا ہوئے سورج بڑجاتیہ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ڈائریکٹر سال 1989 میں ریلیز فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔ رومانوی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی، جوڑی کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔

سال 1994 میں انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار سلمان خان کو لے کر فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ بنائی۔ اس فلم میں سلمان کے ساتھ مادھوری دکشت نے اداکاری کی تھی۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم میں سلمان خان اور مادھوری دکشت کی جوڑی بہت پسند کی گئی۔ اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور آل ٹائم گریٹ ہٹس میں شمار ہو گئی۔ 1999 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ جلوہ گر ہوئی جو خاندانی پس منظر پر بنی ایک ملٹی اسٹار فلم تھی۔ اس فلم میں سلمان خان، سیف علی خان، مو نیش بہل، تبو، سونالی بیندرے اور کرشمہ کپور نے اہم کردار نبھایا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔


سال 2003 میں سورج بڑجاتیہ نے ’میں پریم کی دیوانی‘ کی ہدایت کاری کی۔ یہ فلم ان کے دادا تارا چند بڑجاتیہ کے راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’چت چور‘ کا ریمیک تھی۔ اس فلم میں رتیک روشن، ابھیشیک بچن اور کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیے تھے لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا پائی۔ 2006 میں ریلیز فلم ’وواہ‘ ان کے کیریئر کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی۔

اس فلم میں شاہد کپور اور امرتا راؤ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اس فلم کے بعد سورج بڑجاتیہ نے ہدایت کاری کرنا بند کر دی۔ پھر 2007 میں انہوں نے سونو سود اور ایشا کوپیکر کے ساتھ فلم ’ایک وواہ ایسا بھی‘ بنائی جو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’تپسیا‘ کا ریمیک تھی حالانکہ اس فلم کو تپسیا جیسی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ سورج بڑجاتیہ نے تقریباً آٹھ سال بعد ایک بار پھر ہدایت کاری شروع کی اور سلمان خان کو لے کر 2015 میں فلم ’پریم رتن دھن پایو‘ بنائی۔ فلم میں سلمان خان اور سونم کپور نے اہم کردار نبھائے تھے اس فلم نے 200 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔